برگِ سبز

by Other Authors

Page 7 of 303

برگِ سبز — Page 7

برگ سبز حرف تعارف مکرم و محترم مولانا عطاء الجيب راشد صاحب مبلغ انچارج برطانیہ وامام مسجد فضل لندن) قارئین کو ” برگ سبز مبارک ہو کہ اس وقت ان کے ہاتھ میں ایک بہت دلچسپ ،مفید اور معلوماتی کتاب ہے۔اس کے مؤلف محترم مولانا عبدالباسط شاہد صاحب ہیں جو ایک لمبے عرصہ تک مختلف جماعتی خدمات میں مصروف رہے ہیں۔ان دنوں بالخصوص تصنیفی کام سرانجام دے رہے ہیں۔اس کتاب میں فاضل مؤلف نے ان متفرق مضامین کو جمع کیا ہے جو آپ نے لکھے اور مختلف جماعتی اخبارات ورسائل میں شائع ہوتے رہے ہیں۔یہ مجموعہ مضامین بہت متنوع قسم کے معلوماتی مضامین پر مشتمل ہے۔اس میں جماعت کی متعدد بزرگ شخصیات کا بھی ذکر ہے۔مختلف ادبی کتب کا جامع تعارف بھی ہے۔قادیان اور ربوہ کا دلچسپ احوال بھی ہے۔مختلف تربیتی موضوعات پر مختصر مگر جامع مضامین بھی ہیں۔فاضل مؤلف کی زندگی کا ایک لمبا عرصہ میدان تبلیغ میں گزرا۔اس حوالہ سے آپ نے مختلف تبلیغی واقعات کا ایمان افروز انداز میں ذکر فرمایا ہے۔یہ حصہ داعیان الی اللہ کیلئے بیحد مفید ثابت ہو سکتا ہے۔مؤلف نے اپنے دلچسپ حالات زندگی کا بھی تذکرہ کیا ہے۔جماعتی تاریخ کے اہم واقعات کا ذکر بھی اس کتاب میں شامل ہے۔الغرض یہ ایک ایسی کتاب ہے جو متفرق اور متنوع موضوعات کا ایک مفید مجموعہ ہے۔فاضل مؤلف کو اللہ تعالیٰ نے سادہ اور رواں انداز میں اظہار خیال کا جو ملکہ عطا فرمایا ہے ، اس کا ایک حسین نمونہ اس کتاب میں نظر آتا ہے۔7