ایک عزیز کے نام خط — Page 50
قرآن مجید میں کامل ہدایت ہے اب یہ کیسی خوشی کی بات ہے کہ اللہ تعالیٰ کا اپنا کلام ہمیں میسر ہے جس میں کامل ہدایت درج ہے۔جو شخص بھی خدا تعالیٰ سے محبت رکھتا ہو اس کے دل میں اس خبر سے کسقدر خوشی کا ولولہ پیدا ہونا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ کا صحیفہ ہم میں موجود ہے اور ہم تھوڑی سی محنت سے اسے پڑھ سکتے ہیں اور اس میں سے ہر قسم کی دماغی اور اخلاقی اور روحانی ترقی کے اصول اخذ کر سکتے ہیں۔لیکن افسوس کہ اس زمانہ میں خود مسلمانوں نے اس برکت اور ہدایت کی مشعل کو دور کی اندھیری کوٹھڑیوں میں بند کر رکھا ہے اور اس کی روشنی سے اپنے تئیں محروم کر لیا ہے اور اندھیرے میں ہیں۔لیکن پھر بھی اس نور سے فائدہ نہیں اُٹھاتے جسے اللہ تعالیٰ نے نازل کیا ہے۔وہ پیاسے ہیں لیکن اُس چشمہ سے سیراب ہونے کی کوشش نہیں کرتے جسے اللہ تعالیٰ نے جاری کیا ہے۔وہ بھوکے ہیں لیکن اس دستر خوان کی طرف منہ نہیں کرتے جو اللہ تعالیٰ نے ان کے سامنے بچھایا ہے۔وہ مفلس ہیں لیکن اس خزانہ سے مالا مال نہیں ہوتے جو اللہ تعالیٰ نے ان کے لئے جمع کیا ہے۔آج ہٹلر کی تقریر کا اعلان ہوتا ہے تو وہ سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر ریسیور کے گرد جمع ہو جاتے ہیں کہ سینیں وہ کیا کہتا ہے۔حالانکہ بسا اوقات اس کی تقریریں دنیا میں بے امنی اور اضطراب اور فساد کا پیش خیمہ ہوتی ہیں لیکن خدا کی تقریر کو لوگ جزدانوں میں بند کر کے الماریوں میں محفوظ رکھے ہوئے ہیں حالانکہ اس کے اندر امن اور ترقی اور بہبودی اور کامیابی کی سب تفاصیل درج ہیں۔اگر ایک صبح کو اخبار نہیں ملتا تو بیقرار ہو جاتے ہیں حالانکہ اخباروں کا اکثر حصہ بے بنیاد باتوں پر مشتمل ہوتا ہے جن کی دوسرے دن تردید ہو جاتی ہے لیکن تمام صداقتوں کے منبع کے نزدیک بھی نہیں جاتے۔جیسا کہ میں نے ابھی بیان کیا ہے قرآن کریم کامل ہدایت اپنے اندر رکھتا ہے اور اسمیں کوئی بات ایسی نہیں جو انسان کے لئے کسی رنگ میں بھی نقصان دہ ہو کیونکہ وہ ایک ایسی ہستی کا کلام ہے جس نے انسان کو اور کل کائنات کو پیدا کیا۔وہ انسانی فطرت کی باریک سے 50