انوارالعلوم (جلد 9) — Page 601
۶۰۱ ہوں گے ان کے رشتہ دار یقیناً قرض پر گزارہ کریں گے اور وہ قرض ہندو بنئے کے پاس سے انہیں ملے گا جس کی وجہ سے وہی لوگ جو اسلام کی مدد کیلئے نکلیں گے اور حقیقت اسلام کو اور زیادہ کمزور کر دینے کے موجب ہو جائیں گے۔عدم تعاون کے بعد سِول نافرمانی ہونی چاہئے یہ امر بھی نہیں بھلایا جا سکتا کہ سِول نافرمانی ہمیشہ عدم تعاون کے بعد ہوتی ہے۔تعاون اور سِول نافرمانی کبھی اکٹھے نہیں ہو سکتے۔میں مسٹر گاندھی سے بہت اختلاف رکھتا ہوں لیکن ان کی یہ بات بالکل درست تھی کہ انہوں نے پہلے عدم تعاون جاری کیا اور اس کا دوسرا قدم سِول نافرمانی رکھا۔ہر شخص یہ سمجھ سکتا ہے کہ مدد نہ کرنے اور نافرمانی کرنے میں فرق ہے۔مدد نہ کرنا ادنی ٰ درجہ کا انقطاع ہے اور نافرمانی اعلیٰ درجہ کا انقطاع ہے۔اور یہ ممکن نہیں کہ ہم ادنی ٰ انقطاع کئے بغیر اعلى ٰانقطاع کر دیں۔جو لوگ سِول نافرمانی کریں گے جب ان کو گورنمنٹ سزا دینے لگے گی تو کیا پچاس ساٹھ ہزار مسلمان جو سرکاری ملازمت میں ہے وہ سرکاری حکم کے ماتحت سِول نافرمانی کرنے والوں کا مقابلہ کرے گا یا نہیں۔اگر وہ مقابلہ نہیں کرے گا تو سب کو ملازمت چھوڑی پڑے گی اور عدم تعاون شدید صورت میں شروع ہو جائے گا اور میدان بالکل ہندوؤں کیلئے خالی رہ جائے گا اور اگر لازم طبقہ سِول نافرمانی کرنے والوں کا مقابلہ کرے گا تو کیا یہ جنگ گھر میں ہی نہ شروع ہو جائے گی۔پولیس فوج اور عدالتوں کے ملازم اگر خود مسلمانوں پر دست درازی کریں گے تو کیا آپس میں ایک دوسرے سے تنافر پیدا ہو گا یا نہیں۔اور کیا ان چالیس پچاس ہزار ملازموں کے رشتہ دار جو چالیس پچاس لاکھ سے کم نہ ہوں گے، دوسرے لوگوں سے جو ان کو برُا بھلا کہیں گے بر سر پیکار ہوں گے یا نہیں۔اور کیا اس کے نتیجہ میں ہر گاؤں اور ہر شہر میں مسلمانوں میں ایک خطرناک جنگ شروع ہو جائے گی کہ نہیں؟ غرض سِول نافرمانی کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک پہلے عدم تعاون نہ جاری کیا جائے۔سِول نافرمانی جاری کرنے سے پہلے سب مسلمانوں کے لئے ضروری ہے کہ فوج سے پولیس اور ایگزیکٹو اور جوڈیشل غرض ہر قسم کی ملازمتوں سے علیحدہ ہو جائیں تا کہ مسلمانوں کو مسلمانوں سے لڑنا نہ پڑے۔اور سب ملک کے مسلمان آپس میں دست و گریبان نہ ہو جائیں۔لیکن کیا حالات اس بات کی اجازت دیتے ہیں؟ اگر ایسا ہوا تو مسلمانوں کا اس میں فائدہ نہ ہو گا ، ہاں ہندوؤں کا فائدہ ہو گا۔ایک مسلمان کی جگہ دس ہندو اور سکھ بھرتی ہونے کے لئے تیار ہوں