انوارالعلوم (جلد 9) — Page 549
۵۴۹ اعوذ باللہ من الشیطن الرجیم بسم الله الرحمن الرحيم نحمدہ ونصلی علىرسولہ الكريم خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ - ھو الناصر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کادعویٰ کرنے والے کیا اب بھی بیدار نہ ہوں گے؟ (رقم فرموده مورخہ ۲۹ مئی ۱۹۲۷ء) مسیحی اور آریہ جس طرح سالہا سال سے بانی اسلام عليه السلام فدتہ نفسی و اھلی کے خلاف زہر اُگلتے چلے آرہے ہیں اسے وہ لوگ خوب اچھی طرح جانتے ہیں جو ان کی کتب کے پڑھنے کے عادی ہیں۔وہ کتب اس قدر گندے الفاظ سے پر ہیں کہ ایک مسلمان کے لئے ان کا پڑھنا نا ممکن ہو جاتا ہے لیکن چونکہ مسلمان ان کتب سے عام طور پر واقف نہیں ہوتے انہیں یہ معلوم ہی نہیں ہوتا کہ ان کتب کے مصنّفین ہمارے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق کسی قسم کے خیالات کی اشاعت کر رہے ہیں اور اس وجہ سے ان میں وہ بیداری بھی نہیں پیدا ہوتی جو قومی زندگی کے لئے ضروری ہے۔وہ اپنی ذمہ داری سے غافل رہتے ہیں اور اسلام کی خدمت اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت کی حفاظت کا خیال ایک دبی ہوئی چنگاری کی طرح ان کے سینوں میں مخفی رہتا ہے۔اسی نقص کو دیکھ کر بانی سلسلہ احمد یہ علیہ السلام نے اپنی کتب میں ان گالیوں کی نقل کر کے جو مسیحی اور آریہ مصنفین کی کتب میں مارے مقدس رسول ؐکو دی گئی ہیں مسلمانوں کو بیدار کرنا چاہا تھا۔لیکن افسوس کہ بعض انسانی فطرت کے ناواقفوں نے اس کا نام بے ادبی رکھا اور اس کے خلاف شور مچایا حالانکہ کفار کی گالیوں کو قرآن کریم بھی نقل کرتا ہے اور خدا تعالی سے زیادہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت کی نگہداشت رکھنے والا اور کون ہو گا؟ نتیجہ یہ ہوا کہ مسلمان اس گہری عداوت کی رَو سے جو اندر ہی اندر مختلف مذاہب کے پیروؤں کے دلوں میں پیدا کی جارہی تھی ناواقف رہے اور جبکہ دوسری اقوام اسلام کی دشمنی کے خیالات میں پل کر ہوشیار ہو