انوارالعلوم (جلد 9)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 155 of 703

انوارالعلوم (جلد 9) — Page 155

۱۵۵ طرح ہوتے ہیں جو عروق میں بیٹھے رہیں تو ہلاکت اور موت کا باعث ہوتے ہیں۔مَیں چونکہ قریب کے گزشتہ ایّام کی نسبت زیادہ تفصیل سے اپنے کام بتا سکتا ہوں اِس لئے انہی کا ذکر کرتا ہوں تاکہ دوستوں کو معلوم ہو جائے کہ جہاں تک میرے نزدیک میری طاقت ہے اس کے مطابق مَیں کام کر لیتا ہوں۔گو مَیں اس کے لئے بھی تیار ہوں کہ اگر کوئی دوست اس سے زیادہ کام کرنے کا طریق بتائیں تو اس پر بھی عمل کروں مگر اب مَیں جوکام کرتا ہوں ان کی تفصیل یہ ہے کہ مَیں صبح ناشتہ کے بعد مدرسہ خواتین میں پڑھاتا ہوں۔یہ ایک نیا مدرسہ قائم کیا گیا ہے جس میں چند تعلیم یافتہ عورتوں کو داخل کیا گیا ہے۔ان میں میری تینوں بیویاں اور لڑکی بھی شامل ہیں۔ان کے علاوہ اَور بھی ہیں۔چونکہ ہمیں اعلیٰ تعلیم دینے کے لئے معلم عورتیں نہیں ملتیں اس لئے چِکیں ڈال کر عورتوں کو مرد پڑھاتے ہیں۔آج کل میں ان عورتوں کو عربی پڑھاتا ہوں۔مولوی شیرعلی صاحب انگریزی پڑھاتے ہیں اور ماسٹر محمد طفیل صاحب جغرافیہ۔سو ۱ گھنٹہ تک مَیں انہیں پڑھاتا ہوں۔اصل وقت تو ۴۵ منٹ مقرر ہے مگر سارے استاد اپنا کچھ نہ کچھ وقت بڑھا لیتے ہیں کیونکہ مقررہ وقت کم ہے اور تعلیم زیادہ ہے۔اس کے بعد اس کمرہ میں جہاں دوست ملاقات کرتے ہیں جاتا ہوں۔آج کل اس کی شکل اَور ہے۔کیونکہ ملاقات کے لئے جگہ نکالنے کے لئے وہاں سے سامان اُٹھا دیا گیا ہے۔میرے کام کرنے کے ایام میں اس کی یہ شکل ہوتی ہے کہ وہ کتابوں سے بھرا ہوا ہوتا ہے۔وہاں آکر میرا دفتر ی کام شروع ہوتا ہے۔اس جگہ سوا نو بجے کے قریب آتا ہوں۔اس وقت مَیں سلسلہ کے انتظامی کاموں اور کاغذات اور سکیموں کا مطالعہ کرتا ہوں۔اسی دوران میں دس بجے کے قریب ڈاک آجاتی ہے۔جس میں روزانہ ۶۰،۷۰،۸۰ سَو سَوا سَو خطوط ہوتے ہیں جو کم از کم دو اڑھائی گھنٹہ کا کام ہوتا ہے۔اس لئے اِس کام سے مجھے ساڑھے بارہ بجے یا ایک بجے فراغت ہوتی ہے۔اس کے بعد مَیں کھانا کھانے جاتا ہوں۔پھر نماز ظہر کے لئے مسجد آتا ہوں۔نماز پڑھانے کے بعد پھر آکر سلسلہ کے کام جو سلسلہ سے تعلق رکھتے ہیں یا دفاتر کے کاغذات پڑھنے یا تدابیر سوچنے یا بعض علمی مضامین کے لئے مطالعہ کرتا ہوں۔کیونکہ کئی کتابیں مَیں نے لکھنی شروع کی ہوئی ہیں۔اس کے بعد پھر عصر کی نماز کے لئے جاتا ہوں۔نماز پڑھانے کے بعد وہاں کچھ دیر دوستوں کے لئے بیٹھتا ہوں۔اور اگر درس ہو تو درس کے لئے چلا جاتا ہوں یا بیٹھ کر خطوط کے جواب لکھاتا ہوں کہ مغرب کی نماز کا وقت ہو جاتا ہے۔وہ پڑھاتا ہوں اور اس کے بعد کھانا کھا کر عشاء کی نماز تک مطالعہ کرتا ہوں اور پھر عشاء کی نماز کے بعد کام کے لئے اسی کمرہ میں چلا جاتا ہوں جہاں ۱۱