انوارالعلوم (جلد 8)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 380 of 714

انوارالعلوم (جلد 8) — Page 380

۳۸۰ دوره یورپ مشکلات میرے لئے جو مشکلات ہیں ان میں سے ایک تو میں پہلے ہی بیان کر چکا ہوں یعنی میری مالی مشکلات جن کی موجودگی میں اور بوجھ اٹھانا طبیعت پر ایک حد تک گراں گذرتا ہے۔دوسرے میری صحت بہت خراب رہتی ہے اور اتنے لمبے سفر اور اس کی مشقتوں کو برداشت کرنا میرے لئے شاید ایک بار گراں ثابت ہو کیونکہ اس قدر کثیرا خراجات کے برداشت کرنے کے بعد اگر وقت کو پوری طرح استعمال نہ کیاجائے اور زیادہ سے زیادہ کام نہ کیا جائے تو یہ ایک اسراف ہو گا جس کو میری طبیعت پسند نہیں کرتی۔تیسرے قادیان سے اس قدر عرصہ تک اتنے فاصلہ پر رہتا کہ جو گویا ایک نئی دنیا ہے مجھے ناپسند ہے۔چوتھے اپنی صحت کی خرابی اور عمر کی ناپائداری کا خیال کرکے طبیعت ایک تکلیف محسوس کرتی ہے۔پانچویں میری دو بیویاں اس وقت حاملہ ہیں اور دونوں کو اسقاط کا مرض ہے اور بچے ان کو سخت تکلیف سے ہوتے ہیں یہاں تک کہ جان کی فکر پڑ جاتی ہے اور ان کے وضع حمل کا زمانہ وہی ہے جو اس سفر میں خرچ ہو گا۔میری غیر حاضری کا خیال ان کی طبائع پر قدرتاًیک بوجھ ہے۔دینی فرائض سب سے مقدم ہیں مگر باوجود ان مشکلات کے میں نے یہی فیصلہ کیا ہے کہ میرے نفس کے آرام پر اور میرے عزیزوں کی خواہشات پر میرے وہ فرائض جو دین اور ملت کے متعلق ہیں مقدم ہیں۔میں جو کچھ جانتا ہوں وہ میں ظاہر نہیں کر سکتا اگر وہ آپ کو معلوم ہوتا تو شاید بُہتوں کے دل رحم او رہمدردی سے بھر جاتے۔مگر میں ایک خدا پر ایمان لاتا ہوں جو على كل شئ قدیر ہے اس نے باوجود میری کمزوریوں اور خطاؤں کے مجھے نہیں چھوڑا۔وہ ہر میدان میں میرے ساتھ رہا اور ہر مشکل میں میری اس نے مدد کی۔میں یقین رکھتا ہوں کہ وہ اپنے رحم سے اپنی تقدیر کو بھی بدل دے گا اور اپنے فیصلہ کو بھی اُلٹ دے گا اور میری بے بسی پر رحم فرمائے گا اور میں تو کہتا ہوں کہ ان صلاتی ونسکی ومحياي ومماتي للہ رب العلمين- علیہ توکلت واليه انیب۔روانگی کب ہوگی اس کے بعد میں اس امر کی اطلاع دوستوں کو دینا چاہتا ہوں کہ اگر بعد میں خدا تعالی کی مشیّت کسی اور رنگ میں ظاہر نہ ہوئی تو انشاء اللہ تعالیٰ ہمیں ۵ا۔جولائی کو بمبئ سے روانہ ہونا ہو گا۔قادیان سے روانگی کی تاریخ سے اور گاڑی سے بعد میں اطلاع دی جائے گی۔