انوارالعلوم (جلد 8) — Page 186
۱۸۶ ہو۔اور اگر سیکھ بھی لی ہو تو جبکہ پنجاب کی باقاعدہ درسگاہوں میں پڑھے ہوئے لوگ چند صفحے عربی کے نہیں لکھ سکتے تو آپ نے پنجاب میں بیٹھے بیٹھے چند دن کی صحبت میں عربی پر اس قدر عبور کہاں سے حاصل کر لیا کہ عربی میں پچیس کے قریب کتب لکھ دیں اور پھر سب علماء کو چیلنج بھی دیا مگر کوئی شخص مقابل نہیں آیا۔بے شک بعض لوگ اپنی فصاحت و بلاغت میں بے نظیر سمجھے جاتے ہیں۔جیسے شیکسپیئر، ڈنٹی وغیرہ۔مگر ان کی مثال اس جگہ پیش نہیں کی جا سکتی کیونکہ وہ لوگ پہلے دعویٰ کر کے نہیں کھڑے ہوئے۔پہلے تو خود ان کو بھی علم نہیں تھا کہ ان کی کتب کیا رتبہ پائیں گی مگر جب وہ کتب مشہور ہوئیں تو معلوم ہوا کہ وہ نہایت اعلیٰ درجہ کی ہیں۔جب چند آدمی دوڑتے ہیں تو ان میں سے کوئی نہ کوئی تو اول نکل ہی آتا ہے پس جو اول نکلے اس کا حق نہیں کہ وہ اس امر کو کوئی غیر معمولی کام قرار دے۔مگر ایک کمزور اور نحیف آدمی جو اچھی طرح چل بھی نہ سکتا ہو وہ ایک دوڑ میں شامل ہو اور پہلے سے کہہ دے کہ میں اول رہوں گا اور پھر اول رہے تو اس کا اول رہنا بے شک ایک معجزہ ہو گا او رکسی بالا طاقت کی طرف منسوب کیا جائے گا۔خدا تعالیٰ اسی طرح اپنی صفت علم کا اظہار کیا کرتا ہے چنانچہ اعمال باب 2 سے معلوم ہوتا ہے کہ حواریوں کے ذریعہ سے بھی اللہ تعالیٰ نے اپنی صفت علم کا اظہار اسی طرح کیا تھا کہ ان کو دوسرے قبائل کی زبانیں سکھا دی تھیں۔مگر فرق یہ ہے کہ ان کو جیسا کہ اعمال سے ظاہر ہوتا ہے یہودی قبائل کی زبانیں سکھائی گئی تھیں اور وہ انکے بولنے میں غلطیاں بھی کرتے تھے لیکن مسیح موعود کو غیر ملک کی زبان سکھائی گئی تھی اور ایسے کامل طور پر سکھائی گئی تھی کہ خود اہل زبان باوجود بار بار چیلنج دینے کے مقابلہ پر نہیں آ سکے۔خدا تعالیٰ کے علیم ہونے کا ایک اور ثبوت جو حضرت مسیح موعود کے ذریعہ سے ظاہر ہوا۔یہ مذہبی کانفرنس ہے جس کے لئے آج آپ لوگ جمع ہوئے ہیں آج سے چونتیس سال پہلے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو ایک کشف ہوا تھا جس میں ولایت میں آپ کے سلسلہ کی اشاعت کا ذکر تھا اس کشف کو آپ نے اپنی کتاب ازالہ اوہام میں جو 1891ء میں طبع ہوئی ہے شائع بھی کر دیا۔اس کے الفاظ یہ ہیں۔"مغرب کی طرف سے آفتاب کا چڑھنا یہ معنی رکھتا ہے کہ ممالک مغربی جو قدیم سے ظلمت کفر و ضلالت میں ہیں آفتاب صداقت سے منور کئے جائیں گے اور ان کو اسلام سے حصہ ملے گا اور میں نے دیکھا کہ میں شہر لنڈن میں ایک ممبر پر کھڑا ہوں اور