انوارالعلوم (جلد 6)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 65 of 603

انوارالعلوم (جلد 6) — Page 65

تمہارے دشمن تمہیں پامال کرنے پر تُلے ہوئے ہیں لیکن اگر تم ایمان سے معمور سینہ رکھتے ہو وہ تمہیں پامال نہیں کرسکتے آپ اپنے اقوال افعال ،عقائد اخلاق اور معاملات کو دُرست کریں۔حضر ت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے قدم بقدم چلو ،کمزوریاں او ر سُستیاں چھوڑ دو، تمہیں بہت بڑا کام درپیش ہے، بڑی مہم ہے جو تمہیں سر کرنی ہے،تم نے احمدیت کو پھیلانا ہے یہ نہیں ہوسکتا جب تک تم بد اخلاقی کو نہ چھوڑو ،بد معاملگی کو نہ چھوڑو اور نمازوں اور دیگر دین کے احکام میں پوری پابندی نہ اختیار کرو کوشش کرو کوشش کرو کہ فتح پائو۔تمہیں سچّی فتح ہوگی اور دشمن کی جھوٹی فتح بھی اس کے لئے سو گواری کا موجب ہوگی اور دشمن تم سے اس طرح جائیگا جیسے لاحول سے شیطان بھاگتا ہے۔اگر تم اس تمام علاقے کو احمدی بنا چکے ہوتے تو آج دشمن کو اتنا بھی موقع نہ ملتا۔کیونکہ مولویوں کی قوم بُزدل قوم ہے اورن کو ظاہری سامانوں پر ہی بھروسہ ہے۔وہ اس قوتوں اور طاقتوں کے خزانے سےغافل ہیں جو خدا تعالیٰ سے ملتا ہے۔پس تم میں سے ہر ایک اپنے فرض منصبی کو بجا لائے اور لوگوں کو احمدی بنانے کے درپے ہوجائے۔پھر تم دیکھو گے کہ دشمن کےلئے ہماری کامیابی ماتم کا موجب ہوگی۔اللہ تعالیٰ ہمیں کامیابی دے۔ہماری حالت کو درست بنائے۔ہماری کمزوریوں کو معاف کرے ہمیں کامیابی دے اور کامیابی کو روشن کرے۔آمین (الفضل ۱۱؍اپریل ۱۹۲۱؁ء)