انوارالعلوم (جلد 6)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 532 of 603

انوارالعلوم (جلد 6) — Page 532

ان کو دیا ہے جو آج سے پہلے مرچکے ان میں سے بہت ہوں گے جو خواہش کرتے ہوں گے کہ کاش! ہم سے سب کچھ لیا جاتا اور مسیح ؑکا زمانہ ہم کو مل جاتا اور جو آئندہ آئیں گے لیکن دیر کے بعد پیدا ہوں گے وہ بھی خواہش کریں گے کہ کاش !ہم سے سب نتمتیں لے لی جاتیں مگر خدا کے مرسل ؑکا قرب پاتے۔پس اے شہزادۂ والا جاہ ! اس وقت کو غنیمت سمجھئے اوران نشانوں پر یقین لائیے جو خدا تعالیٰ نے اس زمانہ میں دکھائے ہیں اور اس کی بادشاہت میں داخل ہوجائیے کہ خدا کی بادشاہت میں داخل ہونا سب بادشاہتوں سے بڑا ہے باقی سب بادشاہتیں چھوڑنی پڑتی ہیں مگر یہ بادشاہت کبھی نہیں چھڑائی جاتی۔باقی سب بادشاہتوں کے لئے ضروری ہوتا ہے کہ ایک کے بعد دوسرا وارث ہو لیکن اس بادشاہت کے ایک ہی وقت میں باپ اور بیٹا اورسب جو ان کے ساتھ شامل ہونا چاہیں وارث ہوتے ہیں۔خدا تعالیٰ کی رحمتوں کے دروازے کُھل رہے ہیں ان میں داخل ہوجائیے اور اگلی زندگی کے لئے سامان جمع کرلیجئے۔آپ کو اللہ تعالیٰ نے جس قدر زیادہ نعمتیں دی ہیں اسی قدر اس کے مطالبات بھی ااپ سے زیادہ ہیں کیونکہ وہ جس کو زیادہ دیتا ہے اس سے پوچھتا بھی ہے کہ میرے ان احسانات کی تُونے کیا قدر کی؟ پس اللہ تعالیٰ کے احسانات پر نظر کرتے ہوئے اس کی اطاعت میں دوسروں سے زیادہ کوشش کیجئے اور اللہ تعالیٰ کی آواز پر لبیک کہئے آپ نے دیکھا کہ جنگ کے موقع پر آپ کے والد حضور ملک معظم کی آواز پر کس طرح دنیا کے دورکناروں سے لوگ لبیک کہتے ہوئے دوڑ پڑے تھے۔پس جس طرح آپ کی رعایا نے اپنے بادشاہ کی آواز پر سب کام چھوڑ کر اس آواز کا رُخ کرلیا۔آپ بھی اس بادشاہ کی آواز پر جو ہمارا اور آپ کا دونوں کا بادشاہ ہے دنیا کی سب روکوں کو دُور کرکے لبیک کا نعرہ لگاتے ہوئے اس کی طرف دوڑ پڑیں تا جس طرح خدا نے آپ کو دنیا کی نعمتیں دی ہیں دین میں بھی حصہ وافر عطا فرمادے۔خدا تعالیٰ نے دُنیا میں ہدایت کا ایک محل تیا رکیا ہے اور ایک بڑی دعوت کا سامان کرکے اپنے بندوں کو بلایا ہے خواہ بادشاہ ہوں یا غیر بادشاہ اور ہم لوگ اس عقیدت کی وجہ سے جو ہمیں آپ کے خاندان سے ہے چاہتے ہیں کہ آپ اس سے محروم نہ رہ جائیں اس لئے اے شہزادہ ویلز! ہم بصد محبت و اخلاص آپ کو اس امر کی اطلاع دیتے ہیں ہم نے آپ کے لئے دروازہ کھول دیا ہے۔دنیا کی باتوں کی پرواہ نہ کیجئے آگے بڑھنے اورزمین و آسمان کے بادشاہ پہلوں اور پچھلوں کے بادشاہ اور اس جہان اور دوسرے جہان کے بادشاہ کے بلاوے کو قبول کرتے ہوئے اس کے