انوارالعلوم (جلد 6)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 510 of 603

انوارالعلوم (جلد 6) — Page 510

آپ کے وہ نشانات جو اپنی ذات کے علاوہ دوسرے لوگوں یا دوسرے ملکوں کے لئے ظاہر ہوئے اے شہزادۂ مکرم ! اللہ تعالیٰ آپ کو ہدایت کے قبول کرنے کی توفیق عطا فرماوے اور اسلام پر آپ کا خاتمہ کرے اور راستبازوں کے گروں میں آپ کو شامل کرے! آمین مَیں نے اس وقت تک تو آپ ؑکی معجزانہ زندگی بیان کی ہے جو اپنی ذات میں آپ کی سچائی اور اسلام کی صداقت کا ایک بیّن ثبوت ہے۔یا وہ تعلیم لکھی ہے جس سے معلوم ہوسکتا ہے کہ بِلا اس تعلیم پر عمل کرنے کے انسان رُوحانی ترقی حاصل نہیں کرسکتا۔اب میں آپؑکے چند ایسے نشانات بیان کرتا ہوں جو اپنی ذات میں مستقل ہیں یا دوسرے لوگوں کے متعلق ہیں اور جن سے مزید شہادت اس امر کی ملتی ہے کہ آپ خدا تعالیٰ کی طرف سے ہیں اور اسلام جس کی طرف آپؑ بلانے کے لئے آئے تھے ایک زندہ مذہب ہے۔مگر پیشتر اس کے کہ میں آپؑ کے ہزاروں نشانوں میں سے مثال کے طور پر بعض نشان بیان کروں ایک دفعہ پھر بیان کردینا چاہتا ہوں کہ آپ ؑکوئی نیا دین نہیں لائے۔بلکہ جس طرح۔مسیح اول موسٰی کے دین کو پورا کرنے کے لئے نازل ہوئے تھے اسی طرح آپؑحضرت محمد مصطفٰے صلی اللہ علیہ وسلم کے دین کو پورا کرنے کے لئے نازل ہوئے تھے۔اورہمیشہ آپ کو یہی دعویٰ رہا کہ مَیں اس لئے آیا ہوں کہ تا اسلام کی صداقت کو ثابت کروں اور لوگوں کو اس کی خوبیوں پر آگاہ کروں اور اس کی زندگی بخش تعلیم سے ان کو اطلاع دوں اور اس کے تازہ پانی سے ان کی روحوں کو تازہ کروں۔میں کوئی جدید شریعت یا جدید حکم نہیں لایا قرآن کریم خدا کا آخری ہدایت نامہ ہے اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم اس کے آخری شرعی رسول ہیں میں ایک رسول ہوں مگر بِلا شریعت کے اورایک نبی ہوں مگر بلا کتاب کے اور میری بعثت کی غرض سوائے اسلام کی خدمت اور اس کی اشاعت کے اور کچھ نہیں اور میری ما ٔموریت کا مقصد سوائے اسلام کے روشن چہرہ پر سے اس گردو غبار کے جھاڑنے کے جو آخری زمانہ میں انسانی خیالات کی اندھی سے پڑگئی تھی اور کوئی نہیں۔پس آپ کے