انوارالعلوم (جلد 6)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 433 of 603

انوارالعلوم (جلد 6) — Page 433

یا مثلاً بعض لوگوں کو اولاد کی ضرورت ہوتی ہے مگر دنیا میں کوئی شخص نہیں جو اولاد دے سکے۔جب ایسا شخص ہمارے پاس آئے گا تو ہم اسے کہیں گے کہ مایوس ہونے کی ضرورت نہیں خدا خالق ہے اسے کہو اے خالق! مجھے بھی اولاد دے! یہ صرف باتیں ہی نہیں بلکہ ایسا ہوتا رہتا ہے۔یہیں ایک ہندو ہے اس کی شادی کو کئی سال ہوگئے تھے مگر اولاد نہ ہوتی تھی اس نے دعا کی اے خدا ! اگر مرزا صاحب سچّے ہیں تو ان کے طفیل مجھے اولاد دے۔بیس سال تک اس کے اولاد نہ ہوئی تھی اس کے بعد اس کے اولاد ہوگئی۔اسی طرح قریب ہی کے گاؤں کا ایک اور ہندو ہے جو ایک دفعہ جلسہ کے ایام میں بٹالہ سے قادیان آنے والی سڑک پر بیٹھ گیا تھا اور سب جلسہ پر آنے والوں کو رَس بھی پلاتا تھا اور یہ بتاتا تھا کہ مرزا صاحب کے صدقے مجھے خدا نے یہ بچہ دیا ہے۔غرض خدا تعالیٰ چونکہ خالق ہے اس لئے جب دُنیا کے ڈاکٹر کسی بات سے جواب دے دیتے ہیں تو اس کے متعلق ہم کہتے ہیں کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں اگر خدا ہی کی منشاء نہیں تو اور بات ہے ورنہ اس سے حاصل کرنے کا رستہ کُھلا ہے۔اسی طرح اگر کوئی دشمن ہے جو دین کے لئے مُضر ہو اور اس کی موت دین کے لئے مفید ہوسکتی ہو یا طاعون یا اور بیماروں کے کیڑے ہیں جو ہمارے لئے مُضر ہوتے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ مر جائیں تو ہم خدا تعالیٰ کی صفت مُمیت سے کہیں گے کہ انہیں مارڈال۔یا کبھی کوئی چیز کا لُمردہ ہو اور ہمیں اس کی حیات مطلوب ہو تو ہم اس کے لئے خدا تعالیٰ سے اس طرح دُعا کریں گے کہ اے مُحیی! اسے زندہ کردے اور ہمارا تجربہ ہے کہ خدا تعالیٰ ایسے موقعوں پر دُعائیں سنتا ہے اور بظاہر مردہ وجودوںکو زندہ کردیتا ہے جیسے عبدالرحیم خان صاحب کی مثال موجود ہے کہ جب ڈاکٹروں نے جواب دیدیا تو حضرت صاحبؑ نے دُعا کی اور تندرست ہوگئے۔پھر انسان سے گناہ ہوجاتے ہیں اور لوگ تو گھبرائیں گے کہ کس طرح ان کا اثر دور کریں لیکن ہم کہیں گے خدا غفار ہے اسے کہو وہ بخش دے گا۔غرض ہر چیز کا خزانہ خدا تعالیٰ کے پاس موجود ہے کوئی ضرورت ایسی نہیں جس کا خزانہ خدا کی صفات میں نہ مل سکتا ہو۔پس خدا کی صفات کے علم کےذریعہ سےا نسان اپنی تمام ضروریات کو پوری کرسکتا ہے اور گویا صفات الٰہیہ ایسی نالیاں ہیں جو ہماری ضروریات کو پورا کرنے کے لئے جاری ہیں اور ہمارا کام یہ ہے کہ جس چیز کی ضرورت ہو وہ جس نالی سے ملے اس کے نیچے پیالہ لے جا کر رکھ دیں یعنی جس بات کی ضرورت ہو اس کے مطابق جو خدا تعالیٰ کی صفت ہے اس کو پکاریں۔