انوارالعلوم (جلد 3) — Page 430
۴۳۰ جماعت احمدیہ کے فرائض اور اسکی ذمہ داریاں مَا كَانَ مُحَمَّدًا بَا أَحَدٍ مِنْ رِجَالِكُمْ وَلَكِنْ رَّسُوْلَ اللهِ وَخَاتَمَ النَّبِيِّنَ (الاحزاب (۴۱) که محمد تم میں سے کسی کا جسمانی باپ نہیں ہے۔لیکن اللہ کا رسول ہے۔اور صرف رسول ہی نہیں بلکہ خاتم النبیین ہے۔یعنی اس کی تصدیق سے پہلے نبیوں کی نبوت ثابت ہوتی ہے اور اس کی تصدیق سے بعد والوں کی ہوگی۔پہلے انبیاء کے متعلق دیکھ لیجئے۔اگر ان کا علم آنحضرت کے ذریعہ نہ ہو تو ان کی نبوت کا ہمارے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے۔مثلاً حضرت عیسی ، حضرت نوح حضرت زکریا اور دوسرے انبیاء کے متعلق جو کچھ بائبل کہتی ہے اس سے ان کا نبی ہو نا تو الگ رہا ایک متقی انسان ہونا بھی ثابت نہیں ہو سکتا۔لیکن چونکہ رسول اللہ ا نے کہہ دیا ہے کہ وہ نبی ہیں اس لئے ہم ان کو نبی مانتے ہیں۔یہی آنحضرت ا کی مہر کی تصدیق ہے۔اور آئندہ بھی جس کے متعلق آپ کی تصدیق ہو گی وہ نبی ہوگا۔مختصر سے معنی ہیں خاتم النبین کے۔اور بھی کئی معنی ہیں اور کسی معنی کے رو سے یہ ثابت نہیں ہو تاکہ آپ کے بعد کوئی نبی نہیں آسکتا۔لیکن چونکہ مجھے اس وقت تقریر کرنی ہے۔اس لئے میں کچھ اور نہیں بیان کروں گا۔حافظ صاحب یا میر صاحب خوب کھول کر سمجھا دیں گے۔کوئی صاحب ان کو مغرب کے بعد ان میں سے ایک کے پاس پہنچا دیں۔اب میں اپنے مضمون کی طرف آتا ہوں۔میں نے آپ لوگوں کو بتا دیا ہے کہ آج میری تقریر کس مضمون پر ہوگی۔کل بھی میری تقریر ہوگی اگر اللہ تعالیٰ نے زندگی بخشی اور صحت و توفیق دی۔تو کل ایک ایسا مضمون بیان کروں گا جو میرے نزدیک نہایت ضروری اور اہم ہے۔اللہ تعالیٰ بہتر جانتا ہے کہ وہ کسی کی سمجھ میں آئے گایا نہیں اور کوئی اس کی اہمیت کو سمجھے گایا نہیں لیکن میرے نزدیک وہ مضمون اس قسم کا ہے کہ ہماری ساری جماعت کو اس کی بہت بڑی ضرورت ہے اس وقت میں جو کچھ بیان کروں گا وہ بھی نہایت ضروری ہے لیکن کل جو بیان کروں گا گو اس کی ظاہر طور پر اہمیت معلوم نہیں ہوتی لیکن دراصل وہ نہایت ضروری اور اہم ہے اور اس کا کثیر حصہ ایسا ہے کہ اس سے پہلے کسی کتاب اور کسی تصنیف میں نہیں ملے گا۔قرآن کریم اور حدیث کے متعلق میں نہیں کہتا ان میں تو سب کچھ ہے اور میں بھی انہیں سے اخذ کر کے بیان کروں گا۔میرا مطلب یہ ہے کہ دوسرے مصنفین نے ان سے اخذ کر کے اس وقت تک کہیں بیان نہیں کیا۔ورنہ جو دینی مضامین ہیں وہ قرآن کریم اور احادیث سے ہی لے کر بیان کئے جاتے ہیں۔میں تو نبوت کا دعویٰ نہیں کرتا۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام