انوارالعلوم (جلد 23)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 62 of 631

انوارالعلوم (جلد 23) — Page 62

انوار العلوم جلد 23 62 وطن کی بے لوث خدمت کرنے پر کمر بستہ ہو جاؤ محاسبہ کرے کہ اس سے کون کونسی غلطیاں سرزد ہو گئی ہیں۔آیاوہ انہیں دُور کر سکتا ہے یا نہیں۔اگر کر سکتا ہے تو اب تک کیوں نہیں کیں۔اگر دُور نہیں کر سکتا تو اس کی کیا وجوہ ہیں اور کیا علاج ہو سکتا ہے۔پھر اس کے آگے وہ سوچ سکتا ہے کہ اس کے عزیزوں اور ہمسایوں کی اصلاح کی کیا صورت ہے۔تبلیغ کے کیا مؤثر ذرائع ہیں۔کیا رکاوٹیں ہیں اور انہیں کس طرح ڈور کیا جاسکتا ہے۔اس قسم کے محاسبہ کا جو نتیجہ نکلے اسے ڈائری کے رنگ میں لکھ لیا جائے اور پھر اسی سلسلے کو وسیع کرنے کی کوشش کی جائے۔اگر اس رنگ میں ذکرِ الہی اور مراقبہ کی عادت ڈالی جائے تو یقیناً اس سے روحانیت ترقی کرے گی، عقل تیز ہو گی اور امام وقت کی ہدایات و تقاریر پر زیادہ غور و تدبر کرنے اور ان پر عمل کرنے کی توفیق مل جائے گی۔ایسا شخص آہستہ آہستہ ایک حد تک دنیا کے لئے ایک روحانی ڈاکٹر اور مصلح بن جائے گا۔پس چاہئے کہ ہمارے چہروں پر رونق ہو۔جسم اور ہماری روحیں دونوں مضبوط ہوں تا دیکھنے والا سمجھ لے کہ اس کا مقابلہ آسان نہیں۔اس وقت گو تم دنیا کی نظر میں ذلیل ہو اور وہ تم کو مٹانا چاہتی ہے مگر خدا نے بہر حال تمہیں بہت بڑی طاقتیں عطا فرمائی ہیں۔اس نے ایک نہ ایک دن تمہیں دنیا کا راہنما بنانا ہے۔پس تم اپنی حقیقت کو سمجھو تم کیوں اپنے وقتوں کو رائیگاں کرتے ہو۔اگلی نسلوں نے کام کیا اس کا نتیجہ تمہارے سامنے ہے۔اب تمہیں چاہئے کہ مراقبہے ، ذکر الہی اور غور و فکر کے ذریعے اس کام کو ترقی دو۔ایک بہت بڑا کام اور بہت بڑا نتیجہ تمہارے سامنے ہے اب تمہارا فرض ہے کہ اس نتیجہ کے پیدا کرنے میں حصہ دار بنو۔یاد رکھو کہ خدا اپنے کمزور بندوں کا ہاتھ پکڑ کر ان سے کام لیا کرتا ہے۔عزت بندے کی ہوتی ہے اور محنت خدا کی ہوتی ہے“۔(الفضل لاہور 4 نومبر 1952ء) 1 موضوعات کبیر - مؤلفہ ملا علی قاری صفحہ 35۔مطبوعہ دھلی 1315ھ