انوارالعلوم (جلد 21)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 299 of 694

انوارالعلوم (جلد 21) — Page 299

انوار العلوم جلد ۲۱ ۲۹۹ پاکستان کی ترقی اور اس کے استحکام کے سلسلہ میں زریں نصائح اس نصیحت کے بعد میں آپ لوگوں کے سامنے چند باتیں پیش کرنا چاہتا ہوں اور میں امید رکھتا ہوں کہ آپ لوگ ان پر غور کریں گے اور اپنی اُس ذمہ داری کو سمجھنے کی کوشش کریں گے جو اللہ تعالیٰ نے آپ لوگوں پر عائد کی ہے۔سب سے پہلی بات تو میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آپ لوگوں نے پاکستان طلب کیا اور وہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ کو مل گیا۔آپ نے خدا تعالیٰ سے کہا کہ خدایا ! ہمیں ڈر آتا ہے کہ اگر ہم نے ہندوؤں کے ساتھ مل کر کام کیا تو وہ ہمیں نقصان پہنچا ئیں گے اس لئے تو ہمیں ایک الگ ملک دے دے خواہ وہ چھوٹا ہی ہو مگر ایسا ہو جس میں ہندوؤں سے الگ رہ کر ہم اپنی زندگی بسر کر سکیں اور اپنی ترقی کے لئے جد و جہد کر سکیں۔سو اللہ تعالیٰ نے آپ لوگوں کی اس دعا کو سنا اور اس نے باوجود مسلمانوں کی کمزوری کے یہ فیصلہ کیا کہ جب میرے بندے مجھ سے ایک چیز مانگتے ہیں تو میں وہ انہیں کیوں نہ دوں چنانچہ اس نے مسلمانوں کی کسی قربانی کے بغیر انہیں پاکستان دے دیا۔بے شک پاکستان ملنے کے بعد مسلمانوں کو ایک بہت بڑی قربانی دینی پڑی لیکن پاکستان بننے سے پہلے مسلمانوں کو بہت کم قربانی دینی پڑی۔پاکستان بننے کے بعد بے شک ایک خطر ناک قربانی ان سے لی گئی جس کی مثال دنیا کی تاریخ میں نظر نہیں آتی لیکن بہر حال اس سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ خدا تعالیٰ نے بغیر قربانی کے یہ نعمت آپ لوگوں کو عطا فرمائی اور آپ کی دعا اس نے قبول فرمائی۔اب سوال یہ ہے کہ یہ جو پاکستان خدا تعالیٰ نے آپ لوگوں کو دیا ہے آخر یہ کوئی جاندار چیز تو نہیں ، جاندار وجو دصرف آپ کا ہے۔آپ بولتے ہیں، آپ سمجھتے ہیں ، آپ چلتے پھرتے ہیں ، آپ ایک چیز کو پکڑتے ہیں ، آپ اُسے کھینچتے ہیں لیکن پاکستان نہ بولتا ہے، نہ سوچتا ہے، نہ سمجھتا ہے کیونکہ وہ جاندار چیز نہیں۔اور دنیا میں یہ قانون ہے کہ جاندار چیزیں ہی بے جان یا مثل بے جان چیزوں کی حفاظت کیا کرتی ہیں۔کبھی آپ نے دیکھا کہ بے جان چیز میں جاندار چیزوں کی حفاظت کر رہی ہوں ہمیشہ جاندار چیزیں ہی بے جان چیزوں کی حفاظت کرتی ہیں۔مثلاً درخت بے جان ہیں آپ ان کی حفاظت کرتے ہیں ، آپ انہیں پانی دیتے ہیں، آپ ان کی شاخ تراشی کرتے ہیں۔کبھی آپ نے دیکھا کہ درخت باغ کے مالک کی مٹھی چاپی کر رہے ہوں یا اُسے کھانا پکا کر دے رہے ہوں؟ ایسا کبھی نہیں ہوا۔ہمیشہ جاندار چیز ہی بے جان کی حفاظت کیا کرتی ہے۔