انوارالعلوم (جلد 14)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 436 of 642

انوارالعلوم (جلد 14) — Page 436

انوار العلوم جلد ۱۴ جماعت احمدیہ کے خلاف میاں فخر الدین ملتانی کا حصہ اس کے دستخط حاصل کر لئے تھے۔) اس کے بعد وہ مجھے پچھیاں لکھتا رہا کہ مجھے کیوں منع کیا گیا ہے مگر میں نے کبھی جواب نہیں دیا ہاں بہت دق کرنے پر ایک دفعہ یہ جواب دیا کہ جب تم ایک جگہ کام کرتے ہوا اور تمہارا وقت ان کا ہے تو تمہارا کوئی حق نہیں کہ ان کے روکنے پر شکایت کرو۔اس کے بعد اس کے متعلق مصری صاحب کے لڑکے نے جب پھر شکایت کی تو میں نے انور صاحب سے کہا کہ بغیر جُرم کے تو ہم ان کو کوئی سزا نہیں دے سکتے۔لیکن ایسے حالات میں چھوٹے قصور بھی بڑے ہو جاتے ہیں۔پس آپ میاں عبد الرحمن کے کام کی نگرانی کریں اور اگر کوئی قصور ثابت ہو تو فوراً میرے سامنے معاملہ پیش کریں ، تا انہیں کام سے علیحدہ کر دیا جائے تا ان کا وجود دوسروں کیلئے ابتلاء کا موجب نہ بنے۔مگر جب تک قصور سرزد نہ ہو دیانتداری کے خلاف ہے کہ ہم کوئی قدم محض مصری صاحب کو خوش کرنے کیلئے اٹھا ئیں۔غرض جیسا کہ میں نے بتایا ہے انہیں سندھ کیلئے ملازم رکھا گیا تھا لیکن انہیں قادیان اس لئے روکا گیا تھا کہ تا اگر مصری صاحب کے بتائے ہوئے الزامات میں سے کسی کے گواہ ملیں اور وہ تحقیق کرانا چاہیں تو سندھ سے انہیں واپس نہ بلانا پڑے۔چنانچہ وہ خود کئی دفعہ پوچھ چکے ہیں کہ جب مجھے سندھ کیلئے رکھا گیا تھا تو وہاں بھیجا کیوں نہیں جاتا۔ان کی تعلیم نو جماعت تک ہے اور اس کے بعد انہوں نے غالباً لدھیانہ میں بجلی کے کام کا امتحان پاس کیا ہے اور پھر کمپاؤنڈری کا کام بھائی کی دُکان پر سیکھا ہے اورا کا ؤنٹنٹ کا کام دفتر محاسب میں سیکھا ہے۔اور میں بتا چکا ہوں کہ میرا ایک اپنا ملازم جو پرائمری پاس بھی نہیں انعام وغیرہ ملا کر گذشتہ سال ۳۲ روپے تک ماہوار وصول کرتا رہا ہے۔تو تنخواہیں حالات کے مطابق ہوتی ہیں اب چونکہ وہاں وہ وقتیں نہیں رہیں جو پہلے تھیں اور آبادی بڑھ رہی ہے ، ہسپتال اور مدر سے جاری ہو گئے ہیں، ڈاکخانہ جاری ہو گیا ہے، اس لئے اب چند ماہ سے کم تنخواہوں پر بھی آدمی مل جاتے ہیں مگر اس کے یہ معنی نہیں کہ ہم پہلوں کو اس بناء پر نکال دیں کہ اب ہمیں سستے آدمی ملنے شروع ہو گئے ہیں۔مگر یہ سستے آدمی بھی ایسے زیادہ سستے نہیں۔اب جو لوگ انٹرنس پاس نہ ہوں اور باقاعدہ ملازم ہوں ہم انہیں ۲۰ روپے ماہوار اور ایک من غلہ اور انعام اگر اچھا کام کرے الگ دیتے ہیں۔جو سارا ملکر تمیں روپے کے قریب اب بھی ہو جاتا ہے۔