انوارالعلوم (جلد  12)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 449 of 656

انوارالعلوم (جلد  12) — Page 449

۴۴۹ نہیں جس میں توارت یا انجیل لکھی ہوئی ہیں بلکہ عربی میں ہے- پس جب نہ وہ شخص اپنا مطلب عربی میں ادا کر سکتا ہے نہ قرآن کسی دوسری زبان کی نقل ہے تو اس کی طرف یہ کتاب کس طرح منسوب کی جا سکتی ہے- یہ امر یاد رکھنا چاہئے کہ اس وقت تک تورات اور انجیل کا کوئی ترجمہ عربی زبان میں نہیں ہوا تھا- چنانچہ تاریخوں سے ثابت ہے کہ بعض صحابہؓ کو عبرانی اس لئے پڑھوائی گئی کہ وہ توراتوانجیل پڑھ سکیں- دوسرا ثبوت اس کا یہ ہے کہ مفسرین دنیا بھر کے علوم کا ذکر تفسیروں میں کرتے ہیں- مگر جب بائیبل کا حوالہ دیتے ہیں تو بالعموم غلط دیتے ہیں- جس کی وجہ یہی تھی کہ عربی میں بائیبل نہ تھی- وہ سن سنا کر لکھتے اس لئے غلط ہوتا- تیسرا ثبوت یہ ہے کہ بخاری میں ورقہ بن نوفل کے متعلق لکھا ہے کہ کان یکتب الکتاب بالعبرانی۴۲؎ وہ عبرانی میں تورات لکھا کرتے تھے- گویا اس وقت توریت اور انجیل عربی میں نہ تھی- پس یقیناً وہ غلام عبرانی یا یونانی میں انجیل پڑھتا تھا- اور عربی میں اس کا مفہوم بیان نہ کر سکتا تھا- اس طرح اس اعتراض کو رد کر دیا گیا- تاریخ سے معلوم ہوتا ہے کہ جیسا کہ جبیر نے کہا تھا کہ بل ھو یعلمنی جبیر آخر کار مسلمان ہو گیا تھا- عبداللہ بن ابی سرح نے مرتد ہونے پر اس کا راز کفار کو بتا دیا تھا- اور وہ اسے سخت تکالیف دیتے تھے- آخر فتح مکہ پر آنحضرت ﷺ نے روپیہ دے کر اسے آزاد کروا دیا- اس سے جب پوچھا گیا تو اس نے کہا- میں نہیں سکھاتا بلکہ وہ مجھے سکھاتے تھے- آٹھواں اعتراض آٹھواں اعتراض یہ تھا کہ اس کے ساتھ شیطان کا تعلق ہے- اور اس کی طرف سے اسے کلام حاصل ہوتا ہے- اور گو کفار کا کوئی قول اس اعتراض کے متعلق نقل نہیں کیا گیا- مگر اس اعتراض کے اشارے ضرور پائے جاتے ہیں چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے- وما تنزلت بہ الشیطن ۴۳؎شیطان اس کلام کو لیکر نہیں اترے- اسی طرح فرماتا ہے- وما ھو بقول شیطن رجیم ۴۴؎یہ شیطان رجیم کا قول نہیں ہے- اس سے معلوم ہوتا ہے کہ کفار کا یہ بھی اعتراض تھا کہ اس پر شیطان اترتا ہے- افسوس ہے کہ مسلمانوں نے اس اعتراض کو اور پکا کر دیا ہے- اور کفار کے ہاتھ میں ایک ہتھیار دے دیا ہے- وہ اس طرح کہ وہ بیان کرتے ہیں کہ ایک دفعہ کفار مکہ کے سردار جمع ہو کر رسول کریم ﷺ کے پاس آئے اور کہا کہ آپﷺ کے پاس ادنی درجہ کے لوگ آتے ہیں اور بڑے لوگ آپ کی