انوارالعلوم (جلد  12)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 394 of 656

انوارالعلوم (جلد  12) — Page 394

۳۹۴ افتتاحی تقریر جلسہ سالانہ ۱۹۳۱ء دینی چاہئے- لوگوں کے اخلاق ایسے بگڑ گئے ہیں کہ مذہبی تعصب اور عداوت کی وجہ سے دوسرے مذاہب کے بچوں کو چرا لینا اچھا سمجھتے ہیں حالانکہ یہ قتل سے بھی بڑا جرم ہے اور قرآن کریم میں آتا ہے الفتنة اشد من القتل بعض شرارتیں قتل سے بھی زیادہ تکلیف دہ ہوتی ہیں- میں اپنی جماعت کے لوگوں سے کہتا ہوں- انہیں ہوشیار رہنا چاہئے اور اس جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو خواہ وہ کسی مذہب اور کسی قوم کے ہوں مقابلہ کرنا چاہئے- چند سال ہوئے یہاں سے بھی جلسہ سالانہ کے موقع پر ایک بچہ اٹھایا گیا تھا جسے اتفاقاً ایک احمدی نے دیکھ لیا اور پکڑ کر لے جانے والا اسے چھوڑ کر بھاگ گیا- گم ہونے والے بچہ کے متعلق اشتہار بھی شائع کیا گیا ہے اور اس میں انعام بھی مقرر کیا گیا ہے مگر ایسی حالت میں کوئی مومن انعام کی پروا نہیں کر سکتا- امرتسر کے دوست اگر اس بچہ کے تلاش کرنے میں مدد کر سکیں تو میں ان کا بہت ممنون ہوں گا- بعض لوگ پولیس کے محکمہ میں ملازم ہیں وہ مدد کر سکیں تو ان کیلئے یہ بہترین ثواب کا کام ہوگا- اس سلسلہ میں دوستوں کو میں جو نصیحت کرنا چاہتا ہوں وہ یہ ہے کہ جہاں بھی وہ دیکھیں کوئی اجنبی بچہ رو رہا ہے اور جو اسے ساتھ لے جانا چاہتا ہے اس کے ساتھ نہیں جاتا‘ فوراً اس موقع پر دخل دیں خواہ کسی مذہب اور کسی قوم کا وہ بچہ ہو اور اسے ساتھ لے جانے والا خواہ مسلمان ہی کیوں نہ ہو- یہ ایسی گندی شرارت ہے کہ ایمان تو الگ رہا اس کا ارتکاب کرنے والا انسان بھی نہیں کہلا سکتا- پس مجرم خواہ کوئی ہو مسلمان ہو‘ سکھ ہو‘ عیسائی ہو‘ ہندو ہو‘ اس کی گرفتاری میں قطعاً پس و پیش نہیں ہونی چاہئے- جہاں کوئی بچہ رو رہا ہو اور معلوم ہو کہ اسے اپنے ساتھ مانوس کرنے اور ساتھ لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے وہاں فوراً پوچھ لینا چاہئے کہ کیا بات ہے- پھر خواہ بچہ کے ساتھ اس کا باپ ہی ہو پوچھنے سے کوئی حرج نہیں ہوگا- مگر بسا اوقات معلوم ہو جائے گا کہ ساتھ لے جانے والا اجنبی تھا- اسی طرح عورتوں کے متعلق خیال رکھنا چاہئے بہت لوگ پوچھا کرتے ہیں کہ انہیں ثواب حاصل کرنے کا کوئی کام بتایا جائے- میں ان کو توجہ دلاتا ہوں کہ یہ بہترین کام ہے کہ وہ ایسے لوگوں کو سزا دلا سکیں یا دے سکیں- (الفضل ۳۱- دسمبر ۱۹۳۱ء) ‏ ۱؎مجموعہ اشتہارات جلد۱ صفحہ۳۰۲ تا ۳۰۴ (مفہوماً) ۲؎ ۳؎ال عمران : ۹۸ ۴؎ البقرہ:۱۹۲