انوارالعلوم (جلد  12)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 130 of 656

انوارالعلوم (جلد  12) — Page 130

۱۳۰ کونسا جادو تھا کہ ان سب کو میں نے اس سازش میں شامل کر لیا- مولوی میرک شاہ صاحب اور خواجہ حسن نظامی صاحب بھی میرے ساتھ اس میں شامل ہو گئے- پھر ابوبکر صاحب کو بنگال میں مذہبی لحاظ سے جو پوزیشن حاصل ہے‘ وہ پنجاب میں ایک شخص کو بھی نہیں- بیس تیس لاکھ کے درمیان ان کے مرید ہیں- انہوں نے بھی اپنے بیٹے کو اس سازش میں شریک کر دیا اور اگر یہ صحیح ہے کہ میں نے مسلمانوں کے ان تمام لیڈروں پر جادو کر دیا ہے تو کیا میں ایسا جادو سیالکوٹ کے عوام پر ہی نہیں کر سکتا وہ میرے افسوں۸؎ سے بچ جانے کی امید کس طرح کر سکتے ہیں- میں تو اس صورت میں سیالکوٹ کی گلی گلی میں احمدیت پھیلا دوں گا- جو قوم یہ تسلیم کرتی ہے کہ اس کے چوٹی کے لیڈروں پر میرا جادو چل گیا ہے وہ کس طرح یہ گمان کر سکتی ہے کہ اس کے عوام محفوظ رہ سکتے ہیں- مگر یہ کہنا میری نہیں خود ان لوگوں کی اپنی ہتک ہے جو ایسا کہتے ہیں- یہ بات بالکل غلط ہے اگر ان لوگوں کو اس تحریک میں احمدیت کا ذرا بھی اثر نظر آتا تو ان کو کیا مجبوری تھی کہ میرے ساتھ اس طرح شامل ہو جاتے- اگر مخالفت کا موقع ہوتا تو یقیناً یہی لوگ مخالفت کرتے جو اس وقت میرے ساتھ ہیں- سو یہ محض وہم ہے- بلکہ وہم بھی نہیں ہنگامی جوش کی وجہ سے جنون کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے جس کے باعث خلاف حقیقت باتیں ان لوگوں کی طرف سے کہی جا رہی ہیں- اصل بات یہ ہے کہ موجود الوقت سب لوگوں نے مجھ پر زور دیا کہ میں اس کمیٹی کی صدارت منظور کر لوں اور اس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ انہوں نے کہا یہ کمیٹی نئی قائم ہوئی ہے اور اس کی اساس کو قائم کرنے میں ہی ہمارے کئی ماہ صرف ہو جائیں گے لیکن آپ کی جماعت منظم ہے اور آپ ایک ہفتہ کے اندر اندر ہی کام شروع کر سکتے ہیں- میں نے اس سے انکار کیا لیکن بعض دوستوں کی طرف سے اصرار ہوا بلکہ بعض نے تو کہا کہ آپ ڈکٹیٹر بننا منظور کریں- لیکن میں نے اس سے انکار کیا اور کہا اگر بننا ہی ہوا تو میں پریذیڈنٹ ہی رہوں گا ڈکٹیٹر نہیں بننا چاہتا- اس پر مجھے یہ کہہ کر مجبور کیا گیا کہ قوم کی خدمت سے آپ انکار نہ کریں اور کوئی بے وقوف ہی کہہ سکتا ہے کہ ان تمام لیڈروں نے یہ سازش کی- اور یہ جانتے ہوئے کہ میں غیر احمدیوں کو اس طرح احمدی بنا سکوں گا اور میرے ساتھ شامل ہو گئے- دراصل یہ لوگ خیال کرتے ہیں ساری عقل ہمارے ہی اندر ہے باقی سب لوگ پاگل ہیں- مجھے یہ لوگ اسلام کا دشمن سمجھتے ہیں لیکن اتنا نہیں سوچتے کہ اگر میرے ذریعہ سے اسلام کی تائید ہو جائے تو ان کا کیا حرج ہے؟ اور یہ خوشی کا مقام ہے یا رنج کا؟ رسول کریم