انوارالعلوم (جلد  12)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 60 of 656

انوارالعلوم (جلد  12) — Page 60

۶۰ شروع میں کمزور ہوتے ہیں- شام‘فلسطین اور روم کے شہروں میں پھرنے والے حواریوں کو کون کہہ سکتا تھا کہ یہ کسی وقت دنیا میں عظیم الشان تغیر پیدا کر دیں گے- وہی حال ہمارے سلسلہ کا ہے اس کی بنیادیں خدا تعالیٰ نے رکھی ہیں اور دنیا کی روکیں اس کی شان کو کمزور نہیں بلکہ دو بالا کرتی ہیں کیونکہ غیر معمولی مشکلات پر غالب آنا اور غیر معمولی کمزوری کے باوجود ترقی کرنا الہی مدد اور الہی نصرت کا نشان ہوتا ہے اور بصیرت رکھنے والوں کے ایمان کی زیادتی کا موجب- پس میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں اللہ تعالیٰ آپ کو اور آپ کے خاندان کو اور آپ کے ملک کے چھوٹے اور بڑے سب لوگوں کو اور اسی طرح باقی دنیا کو اس نور کے قبول کرنے کی توفیق دے جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے ظاہر ہوا ہے اور جس کا انتظار سب دنیا ہزاروں سال سے کر رہی تھی مگر افسوس کہ جب وہ ظاہر ہوا تو اکثروں نے اس سے آنکھیں بند کر لیں اور تاریک کونوں سے باہر نہ آئے- اللہ تعالیٰ ہمارے سب بھائیوں کو ہدایت دے اور اپنے فضل سے ان کی راہنمائی فرمائے کیونکہ ہم سب کمزور ہیں اور اس کی مہربانی کے محتاج- آمین یورایکسیلنسی! میں اس کتاب کو ختم کرنے سے پہلے پھر ایک دفعہ آپ کو اور لیڈی ارون کو جو اس اہم کام میں آپ کے شریک رہی ہیں جو دنیا کی بہت بڑی ذمہ داریوں میں سے تھا اس کام کے کامیابی کے ساتھ ختم کرنے پر اپنی طرف سے اور جماعت احمدیہ کی طرف سے مبارک باد دیتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کی آئندہ زندگی کو گذشتہ سے بھی زیادہ کامیاب اور مفید بنائے- الوداع- واخر دعوانا ان الحمدللہ رب العلمین- خاکسار مرزا بشیر الدین محمود احمد خلیفہ المسیح الثانی امام جماعت احمدیہ قادیان-۳۱- مارچ ۱۹۳۱ء