انوارالعلوم (جلد 11)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 584 of 696

انوارالعلوم (جلد 11) — Page 584

۵۸۴ فضائل القرآن(نمبر ۳) ہوتے، وہ کہتے ہیں فلاں ڈاکو بڑا اچھا آدمی ہے کیونکہ وہ غریبوں کی خوب مدد کرتا ہے۔اﷲ تعالیٰ فرماتا ہے۔یہ غریبوں پر رحم کرنے کا طریق نہیں بلکہ اصل طریق یہ ہے کہ اَنْفِقُوْا مِنْ طَیِّبٰتِ مَا کَسَبْتُمْ غریبوں کی ہمدردی کے یہ معنے نہیں کہ ڈاکے ڈال کر اور دوسروں کا مال چھین کر ان کو دے دو بلکہ تمہارا کام صرف اتنا ہے کہ اپنی پاکیزہ کمائی میں سے اس قدر مال جس قدر قرآن کریم نے جائز رکھا ہے دے دو اور باقی کام خدا تعالیٰ پر چھوڑ دو۔کسی کی خاطر ناجائز فعل کرنا درست نہیں۔لوگوں کا مال لوٹ کر غرباء کو دینا تو ’’حلوائی کی دکان اور دادا جی کی فاتحہ‘‘ کا مصداق بننا ہے۔اگر تم یہ کہو کہ ہمارے پاس تھوڑا مال ہے مگر غریب بہت ہیں تو اس کی ذمہ داری تم پر نہیں۔تم جتنا دے سکتے ہو دے دو باقی خدا تعالیٰ کے سپرد کرو۔ایک تاریخی لطیفہ ہے۔لکھا ہے کہ صلیبی جنگوں کے موقع پر ایک شخص جو فوج میں ملازم تھا بادشاہ کے پاس آیا اور آکر کہنے لگا۔میری غیرت یہ برداشت نہیں کرتی کہ میں بیت المال سے تنخواہ لوں۔میں آئندہ تنخواہ نہیں لوں گا۔اسے کہا گیا کہ پھر تم کس طرح گزارہ کرو گے۔اس نے کہا۔میری ایک لونڈی ہے جو جادو ٹونے کرنا جانتی ہے۔میں اس کی کمائی سے گزارہ کر لوں گا۔گویا اس نےاسلام سے ناواقفیت کی وجہ سے حرام مال کو تو جائز قرار دے لیا اور جائز کو اپنے لئے حرام سمجھ لیا۔غرباء اور امراء دونوں کو صدقہ دینا چاہیے دسویں بات اسلام نے یہ بتائی ہے کہ صدقہ دے کون۔کیا امراء کو ہی صدقہ دینا چاہیے غرباء کو نہیں دینا چاہیے؟ اسلام کہتا ہے کہ صدقہ غرباء کو بھی دینا چاہیے۔کیونکہ صدقہ دینے کی صرف یہی غرض نہیں کہ حاجت مند کی امداد ہو بلکہ یہ ایک درس گاہ ہے جس میں اخلاقی تربیت کی جاتی ہے اگر غریبوں کو صدقہ دینے سے محروم رکھا جائے تو وہ اس درس گاہ میں تعلیم پانے سے محروم رہ جائیں گے۔اﷲ تعالیٰ فرماتا ہے۔اَلَّذِیْنَ یُنْفِقُوْنَ فِی السَّرَّآءِ وَ الضَّرّآءِ ۳۸؂ مومن وہ ہیں جو اس وقت بھی خرچ کرتے ہیں جب ان کے پاس مال ہوتا ہے اور اس وقت بھی خرچ کرتے ہیں جب آپ تنگی میں مبتلا ہوں۔اس سے معلوم ہوا کہ اسلام نے غریب امیر سب کے لئے صدقہ مقرر کیا ہے تاکہ انہیں صدقہ دینے کے فوائد حاصل ہوجائیں۔صدقہ دینے کے کئی فوائد ہیں جن میں سے دو تین میں بیان کردیتا ہوں۔