انوارالعلوم (جلد 11)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 549 of 696

انوارالعلوم (جلد 11) — Page 549

۵۴۹ بعض اہم اور ضروری امور گے- اب میں چند کی شرط بھی نہیں رکھتا- تمام کے تمام نکات ایسے ہوں گے جو کسی پہلی کتاب میں نہ ہوں گے اور ان تفسیروں میں تو یقیناً نہ ہوں گے جو پاس رکھی جائیں گی وہ صرف اس لئے رکھی جائیں گی کہ تا معلوم ہو مفسرین نے کیا لکھا ہے- تا ہم ان کی لکھی ہوئی باتوں میں نہ پڑیں- شاید کسی کو یہ شبہ ہو کہ جب خدا تعالیٰ کی طرف سے امداد کا دعویٰ ہے تو تفسیروں کو دیکھنے کی کیا ضرورت ہے- یا کلید کی کیا ضرورت ہے- اللہ تعالیٰ خود بتا دے گا کہ فلاں مضمون تفسیر میں ہے یا نہیں- یا فلاں آیت کے الفاظ کیا ہیں- تو اس کا جواب یہ ہے کہ یہ شبہ محض نافہمی کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے- چیلنج یہ نہیں دیا گیا کہ تفسیر الہام سے لکھی جائے گی بلکہ یہ کہا گیا ہے کہ تائید الہی سے لکھی جائے گی اور تائید الہی الفاظ میں اور معین مضامین کی صورت میں نازل نہیں ہوا کرتی بلکہ ایسا ہوتا ہے کہ انسان کے دماغ کو خاص روشنی دے دی جاتی ہے اور اس پر خاص علوم کا دروازہ کھل جاتا ہے- مگر یہ نہیں کہ اس کو ساتھ یہ بتایا جاتا ہے کہ یہ پہلی کتب میں ہے اور یہ نہیں ایسا صرف الہام سے ہو سکتا ہے- اور اس جگہ الہامی تفسیر کا دعویٰ نہیں- گو الہام بھی ہو تو بھی اس میں سنت اللہ نہیں ہوتی کہ حوالہ جات بھی بتائے جائیں- میں امید کرتا ہوں کہ قرآن کریم کے معارف لکھنے کے متعلق جو میرا چیلنج تھا اس کی میں پوری تشریح کر چکا ہوں- اگر مولوی صاحب کو وہ منظور ہو تو اس کی قبولیت کا اعلان کر دیں- اگر ان کے نزدیک یہ چیلنج درست نہیں تو پھر ان کے نزدیک جو فیصلہ کا ذریعہ ہے، اسے اپنی طرف سے بطور چیلنج پیش کر دیں- خواہ سب دنیا سے زیادہ فصیح عربی لکھنے کا چیلنج دیں، خواہ سب دنیا سے بہتر ترجمہ قرآن کریم کرنے کا چیلنج دیں- وہ جو بھی چیلنج دیں اگر وہ شریعت کے خلاف نہ ہوا تو بیسیوں آدمی ان کے چیلنج کو قبول کرنے کے لئے کھڑے ہو جائیں گے- انشائاللہتعالی سورۃ التحریم کی تفسیر پھر حضور نے سورۃ التحریم کی آیت یایھا الذین آمنوا قوا انفسکم واھلیکم نارا-۶؎ کی تشریح فرماتے ہوئے اس آگ سے خود بچنے اور دوسروں کو بچانے کے لئے سب سے ضروری چیز دعا ثابت کی- اس کے متعلق ضروری ہدایات دیں اور اس پر پوری طرح کاربند ہونے کا ارشاد فرمایا-