انوارالعلوم (جلد 11)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 420 of 696

انوارالعلوم (جلد 11) — Page 420

۴۲۰ وہ میرے نزدیک فتنہ پیدا کرنے والا تھا اور سیکنڈ چیمبرس کی جو غرض ہے اس سے پوری نہ ہوتی تھی اسی وجہ سے میں مرکزی سیکنڈ چیمبر اور صوبہ جاتی سیکنڈ چیمبر دونوں کا مخالف رہا ہوں لیکن اب جب کہ دوبارہ غور ہو رہا ہے اور راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کے موقع پر ہندوستانیوں کو موقع دیا گیا ہے کہ وہ اصول پر مبنی اور معقول ڈھانچہ اپنی حکومت کیلئے تیار کریں میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں دوبارہ اس سارے سوال پر غور کرنا چاہئے- چنانچہ غور کے بعد میں جس نتیجہ پر پہنچا ہوں وہ یہ ہے کہ جو شکل موجودہ کونسل آف سٹیٹ کی ہے وہ درست نہیں- ایک تو اس میں نامزدشدہ عنصر بہت زیادہ ہے اور پھر نامزدگی بھی کسی مقررہ اصول پر نہیں ہے- دوسرے جو شرائط اس کی ممبری کے لئے مقرر ہیں وہ ایسی نہیں کہ ضرور لائق آدمی اس کے اندر آئیں- تیسرے فیڈریشن کا اصول اس میں مدنظر نہیں رکھا گیا- پس ان حالات میں تو نہ کونسل آف سٹیٹ کی ضرورت ہے اور نہ کسی صوبہ میں اس قسم کی کونسل کی ضرورت ہے- لیکن اگر ہندوستانی کونسل کی موجودہ شکل کو ہم نظر انداز کر دیں تو ہمیں اصولاً دیکھنا چاہئے کہ مجلس واضع قانون کے بعد ہمیں کسی اور مجلس کی ضرورت ہے یا نہیں؟ اور اگر ہے تو کیوں؟ جن لوگوں نے دوسری چیمبرس کی مخالفت کی ہے ان کا سردار ABBE SEIVES ایک فرانسیسی قانون دان ہے- اس کے دلائل کا خلاصہ یہ ہے کہ اگر دوسری چیمبر پہلی کے مطابق فیصلہ کرے گی تو وہ غیر ضروری چیز ہے- اور اگر پہلی کے مخالف کرے گی تو وہ نقصان دہ ہے لیکن باوجود اس کے اکثر حکومتوں میں دو ہی مجالس مقرر ہیں- اور صرف بلقان روس سے علیحدہ ہونے والی ریاستوں اور ترکی کے علاقہ میں ایک مجلس وضع قوانین کا کام کرتی ہے- پس مختلف الفوائد اور مختلف الاغراض اقوام کا تجربہ ہمیں مجبور کرتا ہے کہ ہم اس امر پر سنجیدگی سے غور کریں کہ کیا دوسری مجالس مفید ہیں یا نہیں؟ سو یاد رکھنا چاہئے کہ جو لوگ دوسری چیمبر کے موید ہیں وہ اس کے مندرجہ ذیل کام بتاتے ہیں-: (۱) ایک مجلس چونکہ قانون کا مسودہ بناتی ہے اس وجہ سے اس جوش کی حالت میں جو مختلف فریقوں میں پیدا ہو جاتا ہے کئی سقم اس میں رہ جاتے ہیں- پس ان نقائص کو دور کرنے کے لئے ایک دوسری مجلس کی ضرورت ہوتی ہے- اس مجلس کے پاس چونکہ کافی غور کے بعد پاس شدہ قانون جاتا ہے وہ اس کے باریک نقائص کو معلوم کرنے پر زیادہ قادر