انوارالعلوم (جلد 11) — Page 187
۱۸۷ أعوذ بالله من الشیطن الرجیم بسم الله الرحمن الرحيم نحمدہ و نصلی على رسؤله الكريم خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ – ھوالناصر گول میز کانفرنس اور مسلمانوں کی نمائندگی نہایت نازک معاملہ میں یہ مضمون پیر اور منگل کی درمیانی رات کو لکھ رہا ہوں- اخبار والوں کو اس وقت تک سائمن کمیشن رپورٹ (SimonCommissionReport) کی دوسری جلد مل چکی ہوگی اور وہ اس کی حقیقت سے آگاہ ہو چکے ہوں گے- مگر ہمیں ابھی تک اس کے متعلق کچھ معلوم نہیں سوائے اس کے جو پہلی جلد کو پڑھ کر ہم نے قیاس کیا ہے اور وہ قیاس کچھ ایسا خوش کن نہیں ہے- ایک رات صرف درمیان میں ہے لیکن یہ معاملہ ایسا نازک ہے کہ اس میں ایک رات کے انتظار کو بھی میں درست نہیں سمجھتا- جس وقت میرا یہ مضمون لوگوں کے ہاتھوں تک پہنچے گا، اس وقت تک رپورٹ شائع ہو چکی ہوگی اور غالباً ملک میں ایک جوش کی حالت پیدا ہو چکی ہوگی- لیکن میں کہتا ہوں کہ اگر سائمن کمیشن کی رپورٹ ہماری امیدوں کے خلاف بھی ہو تب بھی ہمیں یہ سمجھ لینا چاہئے کہ راؤنڈ ٹیبل کانفرنس (RoundTableConference)کا مطالبہ تھا ہی اسی وجہ سے کہ اہل ہند کے خیال میں اس کمیشن کی رپورٹ ملکی نقطئہ نگاہ سے قابل تسلیم نہ تھی- پس اگر وہ رپورٹ واقعہ میں ہماری امیدوں کے خلاف ہو تو اس سے صرف اہل ہند کے خیالات کی تائید ہوگی- نہ کہ کوئی ایسی نئی بات جس سے انہیں اپنے رویہ کے بدلنے کی ضرورت محسوس ہو- اگر سائمن رپورٹ مسلمانوں کی خواہشات کے خلاف ہو؟ میرے نزدیک سائمن کمیشن کی