انوارالعلوم (جلد 11)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 122 of 696

انوارالعلوم (جلد 11) — Page 122

۱۲۲ دوم۔یہ کہا گیا کہ اس میں بہت سے غیر عربی الفاظ داخل ہیں۔سوئم۔یہ کہ اس میں فضول تکرار ہے یونہی ایک بات کو دہراتا چلا جاتاہے۔چہارم۔یہ کہ اس کے مضامین میں کوئی ترتیب نہیں۔کہیں احکام شروع ہیں تو ساتھ ہی وعظ کیا جاتاہے۔پھر لڑائیوں کا ذکر آجاتا ہے تو ساتھ ہی منافقوں کو ڈانٹا جاتاہے۔لیکن یہ اعتراض جیسا کہ میں ابھی بتاؤں گا درست نہیں بلکہ قرآن کریم کا ظاہری حسن بھی اسے کل دنیا کی کتب پر افضل قرار دیتاہے اور یہ فضیلت دس خوبیوں سے ثابت ہے۔قرآنی زبان کی فصاحت او ل زبان کی فصاحت۔قرآن کی یہ خوبی اتنی بڑھی ہوئی ہے کہ دشمن سے دشمن نے بھی اس کا اعتراف کیاہے اور عربوں نے تو اس کے آگے ہتھیار ڈال دئیے ہیں اور بڑے بڑے ادیب اس کے کمال کے آگے عاجز آگئے ہیں۔میں اس کے متعلق دوستوں کو ایک واقعہ سناتا ہوں۔لبید عرب کا ایک مشہور شاعر تھا جو سات بڑے مشہور شاعروں میں ایک تھا۔پہلے وہ اسلام کا مخالف تھا مگر بعد میں ایمان لے آیا۔اسلام لانے کے بعد وہ ہر وقت قرآن کریم پڑھتا رہتا۔اور اس نے شعر کہنے ترک کردئیے۔حضرت عمر ؓ نے ایک دفعہ اپنے زمانہ خلافت میں کوفہ کے گورنر مغیرہ بن شعبہ کو چٹھی لکھی کہ اپنے علاقہ کے مشہور شاعروں سے اچھے اچھے اشعار لکھوا کر مجھے بھیجو۔مغیرہ نے اس کام کے لئے دو شاعر اغلب اور لبید پسند کیے اور انہیں کہا گیا خلیفہء وقت کا حکم آیا ہے کہ کچھ شعر لکھ کر بھیجو۔اس پر اغلب نے تو قصیدہ لکھا لیکن لبید نے کہا۔جب سے میں اسلام لایا ہوں میں نے شعر کہنے چھوڑ دئیے ہیں۔جب انہیں مجبور کیا گیا تو وہ سورۃ بقرہ کی چند آئتیں لکھ کر لے آئے اور کہا کہ ان کے سوا مجھے کچھ نہیں آتا، مغیرہ نے لبید کو سزا دی اور اغلب کیـحضرت عمر ؓ کے پاس سفارش کی۔لیکن حضرت عمرؓ کو لبید کی بات کی اتنی لذت آئی کہ انہوں نے کہا لبید نے جو کچھ کہا ہے اس سے اس کے ایمان کا ثبوت ملتا ہے کہ اتنا قادر الکلام ہونے کے باوجود شرماتا ہے کہ قرآن کے سوا کچھ او راپنی زبان سے نکالے۔مسیحیوں نے اس پر اعتراض کیا ہے کہ کیا لبید نے پہلے کبھی قرآن نہ سنا تھا جبکہ وہ اسلام کا مخالف تھا۔وہ دراصل لالچ کے لئے اس طرح کہتا تھا۔لیکن اس دلیل سے عیسائیت پر بھی اعتراض وارد ہوتا ہے کیونکہ بعض دفعہ ایک انسان کئی بار انجیل پڑھتا اور عیسائیوں کے وعظ سنتاہے مگر عیسائیت کونہیں مانتا۔لیکن پھر ایک وقت مان لیتا ہے تو کیا وہ لالچ سے ایمان لاتاہے ؟