انوارالعلوم (جلد 10)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 480 of 700

انوارالعلوم (جلد 10) — Page 480

۴۸۰ تعلق رکھتے ہوں یہ کانفرنس واضع قوانین نہ ہو، بلکہ تنفیذی ہو یعنی ایڈمنسٹریٹو (ADMINISTRATIVE)معاملات کے ساتھ اس کا تعلق ہو- یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اس مجلس کو پریوی کونسل کے طور پر مزید حقوق کے ساتھ گورنرجنرل سے وابستہ کر دیا جائے- اور قانون اساسی کے اختلافات کے متعلق بھی یہی رائے دیا کرے- آل پارٹیز مسلم کانفرنس خلاصہ یہ کہ ہمیں نہرو کمیٹی کی رپورٹ پر مزید غور کرنا چاہئے اور اس کے لئے اول تو ایک آل پارٹیز مسلم کانفرنس منعقد ہونی چاہئے- جس میں عام مسلمان فرقوں کے نمائندے طلب کئے جائیں- مجھے اس بات کو معلوم کر کے خوشی ہوئی ہے کہ ایسی کانفرنس کی بنیاد لیجسلیٹو اسمبلی کے مسلمان نمائندوں نے رکھ دی ہے- اور دسمبر میں اس کے انعقاد کی تجویز ہو رہی ہے- اس لئے مجھے اس امر پر زیادہ زور دینے کی تو اب ضرورت نہیں معلوم ہوتی- لیکن میں اس کانفرنس کے داعیان کو اس امر کی طرف توجہ دلائے بغیر نہیں رہ سکتا کہ وہ اس کی دعوت کو جس قدر بھی زیادہ وسیع کریں، مفید ہوگا- اور ان کی کامیابی کا انحصار ان کی دعوت کی وسعت پر ہوگا- یہ بھی ضروری ہے کہ وہ مخالف خیالات کے لوگوں کو کثرت سے دعوت دیں کانفرنس میں بولنے والوں کیلئے وقت کی تعیین کر دی جائے- جو موافق و مخالف پر یکساں حاوی ہو لیکن بولنے کا پورے طور پر ہر ایک کو موقع دیا جائے- اگر نہرو کمیٹی کے مخالف اور موافق دونوں فریقوں کو یکساں حقوق اور نمائندگی کے ساتھ اس میں شامل نہ کیا گیا تو مسلمانوں کی آواز کبھی مضبوطی کے ساتھ بلند نہ ہوگی- مخالفت سچائی کو کمزور نہیں کرتی، بلکہ مضبوط کرتی ہے- ہمیں اپنے ذاتی خیالات پر اسلام اور مسلمانوں کے فوائد مقدم ہونے چاہئیں- اگر کوئی شخص ہم سے بہتر خیالات رکھتا ہے تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم اس کے خیالات کو رد کر دیں- ہمیں اسے دور ہٹانے کی بجائے اسے قریب بلانا چاہئے اور اس کی رائے کو شوق سے سننا چاہئے- کیونکہ رائے کی مضبوطی ہم خیالوں کی تائید سے نہیں بلکہ مخالف کی تنقید سے ہوا کرتی ہے- ہمیں چاہئے کہ اس کانفرنس میں نہرو کمیٹی پر اصولی بحث کریں لیکن چونکہ ایسی کانفرنسوں میں تفصیلی طور پر غور کرنا ناممکن ہوتا ہے- اس لئے اصولی طور پر غور کرنے کے بعد ایک سب کمیٹی مقرر کرنی چاہئے- جو نہرو کمیٹی پر تفصیلی اور باریک نگاہ ڈالے اور اس کی خامیوں میں اصلاح کرنے کی اور کمیوں میں اضافہ کرنے کی کوشش کرے- اور ایک