انوارالعلوم (جلد 10)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 406 of 700

انوارالعلوم (جلد 10) — Page 406

۴۰۶ کوئی شک نہیں کہ تہذیب اور تمدن کے اصول کے لحاظ سے مسلمانوں کو ہندوؤں پر برتری حاصل ہے- ان میں چھوت چھات نہیں ہے- ان میں ایک حد تک قومی مساوات ہے- ان میں شادی بیاہ کی رسومات ہندوؤں کی نسبت بہت کم ہیں- بیوہ کی شادی کا دستور ابھی بہت حد تک باقی ہے- غرض ان کی تہذیب اور ان کے تمدن کی بنیاد ہندوؤں سے بالکل الگ اصول پر ہے- اور ہندو سمجھتے ہیں کہ نہ تو اس تہذیب اور تمدن کو ہم کچل سکتے ہیں اور نہ اس کی موجودگی میں ہم اپنی قدیم روایات کے مطابق ترقی کر سکتے ہیں- پس اس حالت میں خوف ہے کہ وہ اسلامیتہذیب اور تمدن کی آزاد نشوونما کے راستہ میں روک ڈالیں گے- تیسری وجہ تیسرا سبب جو اکثریت کو اقلیت پر ظلم کرنے کی طرف راغب کرتا ہے یہ ہے کہ اقلیت دائمی اقلیت ہو- یعنی اس میں کوئی ایسی بات پائی جائے جو اسے اپنی جگہ تبدیل کرنے سے مانع ہو- اس صورت میں اکثریت یہ خیال کرتی ہے کہ چونکہ اس اقلیت کو ہم جذب نہیں کر سکے، آؤ اسے ہم مٹا دیں- یہ وجہ بھی اس وقت موجود ہے- اسلام ایک ایسا ممتاز مذہب ہے جس نے سیاست تمدن اخلاق اور معاملات کے لئے ایک ممتاز اور مستقل دستورالعمل پیش کیا ہے- پس مسلمان دوسری اقوام کی طرح ان مسائل کے متعلق جن پر اسلام نے روشنی ڈالی ہے، سمجھوتہ نہیں کر سکتا اور نہ دوسرے کا رنگ قبول کر سکتا ہے- عام طور پر اکثریتوں کو جب یہ یقین ہوتا ہے کہ اقلیت کو اس کی جگہ پر باندھ رکھنے والی کوئی چیز نہیں- تو وہ امید کرتی ہے- کہ کچھ عرصہ میں یا تو اقلیت ہم میں جذب ہو جائے گی- یا پھر کھوئی جائے گی- یعنی بعض باتیں اپنی چھوڑ دے گی- اور بعض ہماری مان لے گی- جیسا کہ مثلاً پرانے زمانہ میں ہندوستان میں ہوا- کہ باہر سے آنے والی اقوام نے ہندوؤں کے دیوتاؤں کو قبول کر لیا اور ہندوؤں نے ان کے بعض معبودوں کو قبول کر لیا- اسی طرح باہر سے آنے والی اقوام نے ہندوؤں کے سب سے بڑے تمدنی دستور یعنی قومیت کے اصول کو تسلیم کر لیا اور چاروں ورنوں میں سے کسی ایک کے ساتھ شامل ہو گئیں اسلام کی موجودگی میں مسلمان ایسا نہیں کر سکتے- پس ہندو یقین رکھتے ہیں کہ جب تک اسلام ہے اس وقت تک تمدن اور تہذیب میں مسلمانوں کا ہمارا دباؤ تسلیم کرنا ناممکن ہے- پس لازماً وہ یہ کوشش کریں گے اور اب بھی کرتے ہیں کہ مسلمانوں کو یا ہندوستان سے نکال دیں یا اپنے ساتھ شامل کر لیں-