اصحاب احمد (جلد 5)

by Other Authors

Page 11 of 694

اصحاب احمد (جلد 5) — Page 11

11 تعلیم کے لئے الہی راہنمائی رات دونوں نے گڑھی حبیب اللہ میں گزاری اور یہی ارادہ تھا کہ صبح اس پل کے پار جانا ہے لیکن خواب میں آپ سے ایک بزرگ نے کہا کہ تم تحصیل علم کے لئے نکلے ہو بہت اچھا کیا ہے۔مگر میری یہ بات یاد رکھنا کہ اس پل سے پارمت جانا بلکہ جس طرف سے دریا آتا ہے اُسی طرف دریا کے کنارے چل پڑنا۔آگے تھوڑے فاصلہ کے بعد خدا تعالیٰ خود تمہیں استاد سے ملا دیگا، اسی سے پڑھنا۔چنانچہ صبح اس پل پر پہنچنے کے بعد آپ نے یہ خواب سنایا لیکن آپ کے ساتھی کو اصرار تھا کہ پل کے پار چلنا چاہیئے۔اس کے اصرار کی وجہ یہ تھی کہ والد صاحب کے ہمراہ وہ اس پل سے چند میل کے فاصلہ پر داتا نام گاؤں میں جاتا رہتا تھا اور اپنے ہمعصر لوگوں سے اس کی واقفیت تھی لیکن باوجود اس کے کہ آپ کی دو پھوپھیاں بھی وہاں تھیں اور وہ رئیس لوگ تھے لیکن خواب کے اثر کی وجہ سے آپ کا دل بھی ادھر جانے پر بالکل آمادہ نہ تھا۔چنانچہ آپ نے دریا کے کنارے اس کے بہاؤ کے خلاف چلنا شروع کیا اور جو راستہ میں ملتا اس سے دریافت کرتے۔آیا آگے کسی گاؤں میں کوئی مولوی ہے؟ تھوڑے ہی فاصلہ پر کھیت میں سے ایک زمیندار نے آپ کو دیکھ لیا اور بصد اصرار گھر پر لے گیا کہ ہمارے ہاں کھانا کھا کر جائیں۔پُر تکلف کھانا لایا اور کہا کہ میں آپ کے والد کو جانتا ہوں۔میں آپ کو اس لئے لے آیا ہوں کہ میں سمجھتا ہوں کہ آپ بھاگ کر آئے ہیں اور میں آدمی بھیج کر انہیں اطلاع دیتا ہوں لیکن آپ نے بصد منت اس سے جان چھڑائی۔اس زمیندار نے بتایا کہ آگے ایک گاؤں کشترے ہے وہاں ایک مولوی نیا نیا پڑھ کر آیا ہے اور تعلیم دیتا ہے۔چنانچہ دونوں وہاں پہنچے۔طالب علم مسجد میں پنج گنج، گلستان، بوستان اور قرآن مجید پڑھ رہے تھے۔معلوم ہوا کہ مولوی صاحب مانسہرہ گئے ہوئے ہیں اور دو تین روز تک آئیں گے۔ایک طالب علم کو حضرت مولوی صاحب نے کچھ سبق پڑھایا۔وہ نمبر دار کا بیٹا تھا۔آپ نے اسے کہا کہ مجھے پیاس لگی ہوئی ہے تو اس نے کہا کہ پاس ہی دریا بہ رہا ہے آپ وہاں جا کر پانی پی آئیں۔آپ نے میاں بگا کو کہا کہ آؤ چلیں۔اس گاؤں والوں کے اخلاق گرے ہوئے ہیں۔اس لڑکے کا مکان ساتھ ہی ہے۔باوجود یکہ اس نے مجھ سے سبق پڑھا لیکن معمولی سے اخلاق کا بھی اظہار نہیں کیا کہ وہاں سے پانی لے آتا۔اگر ہم یہاں رہے تو ہم بھی ایسے ہی بن جائیں گے۔دریافت کرنے پر ان لڑکوں نے بتایا کہ چھ ساتھ کوس پر ایک تلہٹہ نامی گاؤں سیدوں کا ہے اور وہاں ایک سید ا چھے عالم ہیں اور پڑھاتے ہیں۔یہ گاؤں جب ایک میل فاصلہ طے کرنے پر ہی آ گیا تو آپ کو تعجب ہوا کہ ان لڑکوں نے کتنا جھوٹ بولا تھا۔