اصحاب احمد (جلد 4) — Page 76
۷۶ جماعت ایک ایسی جماعت اور ایسے رنگ میں رنگین جماعت تھی کہ حضرت اقدس نے اس جماعت کو تحریری بشارت دی کہ تم جنت میں میرے ساتھ ہوگے۔ان ایام کے کپورتھلہ کی جماعت حضرت مسیح موعود علیہ الصلوة والسلام کی اس بشارت کی رو سے ایک ایسی جماعت ہے جو عشرہ مبشرہ کی شان رکھتی ہے۔ذَالِكَ فَضْلُ اللَّهِ يُوتِيهِ مَنْ يَشَاءُ ” میرے لئے یہ کہنا مشکل ہے کہ ان عشاق میں سے کس کا کیا مقام تھا۔یہ اللہ تعالیٰ ہی کو علم ہے۔میں نے حضرت منشی حبیب الرحمن صاحب۔حضرت منشی محمد خاں صاحب۔حضرت منشی اروڑا خاں صاحب۔حضرت منشی ظفر احمد صاحب کو نہایت گہری نظروں سے دیکھا۔ان بزرگوں کو بھی اپنے خادم بھائی سے محبت تھی۔اس کی کسی خوبی کی وجہ سے نہیں بلکہ محض اس لئے کہ وہ بزم احمد (صلی اللہ علیہ وسلم ) کا ایک پروانہ تھا۔میں نے ان میں سے جس کے حال پر غور کیا تو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ساتھ محبت اور عشق اور آپ کی اطاعت اور فدائیت کے پہلو میں بے نظیر پایا۔جماعت کے ہزار ہا صلحاء اور اولیاء ایسے ہیں کہ ان کے خدمات اور تعبد اور زہد و عبادت یا خدمات کے لحاظ سے ان کا مقام بہت بلند ہے۔مگر ان کا رنگ ہی اور تھا۔حضرت منشی ظفر احمد صاحب کو جماعت کپورتھلہ میں سابق الاول کا درجہ حاصل ہے۔بعض حالات اور واقعات سے حضرت منشی حبیب الرحمن صاحب رضی اللہ عنہ کا تقدم بھی پایا جاتا ہے۔مگر میری تحقیقات میں یہ مقام منشی ظفر احمد صاحب ہی کا تھا۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ساتھ آپ کو کیا تعلق تھا وہ ان واقعات اور حالات اور ملفوظات سے معلوم ہوسکتا ہے جو حضرت مرحوم کو پیش آئے۔یا حضور نے آپ کے متعلق ارشاد فرمائے۔جن کا ذکر میں آگے چل کر کروں گا۔