اصحاب احمد (جلد 11) — Page 206
206 خدمات آب زر سے لکھنے کے قابل ہیں۔آپ کے احسانات کے بارگراں سے سوائے لفظی اعتراف کے جماعت لاہور عہدہ برآ نہیں ہوسکتی۔آپ کا وجود لا تعداد برکات کا موجب رہا۔آپ جماعت لاہور کے پہلے امیر ہیں۔آپ ہی کے عہد میں اس کی تنظیم ہوئی۔جس کے شاندار نتائج نکلتے دیکھ رہے ہیں۔آپ ہی کے عہد میں ہماری اپنی مسجد تعمیر ہوئی۔لائبریری معرضِ وجود میں آئی۔آپ نے کارکنوں میں ضبط ، اطاعت اور اتحاد عمل کی روح پھونکی۔جماعت روح پرور خطبات سے مستفید ہوتی رہی۔آپ کا چندہ باقی ساری جماعت لاہور کے برابر بلکہ اکثر اوقات بڑھ کر رہا ہے۔آپ کے محاسن کو حیطہ الفاظ میں لانا مشکل ہے۔آپ کی زندگی میں دین کو دنیا پر مقدم رکھنے کی پاکیزہ اصل کی اعلیٰ مثال ملتی ہے۔آپ کی خدمات اور قربانیوں میں مومنانہ بشاشت پائی جاتی ہے۔غرباء کی دلجوئی اور مستحق طلباء کی امداد کی مثالوں کا ذکر کرنا محال ہے۔اس لئے کہ ان کا ظہور آپ سے اکثر خاموشی میں اور بغیر کسی تذکرہ کے ہوتا رہتا تھا۔قاضی صاحب نے مزید بیان کیا کہ آپ کی خدا دا د سادگی خاص طور پر قابل ذکر ہے۔جس کا اعتراف آپ سے شدید مذہبی عناد اور سیاسی اختلاف رکھنے والوں نے بھی کیا۔استغناء سادگی اور کمال بے نفسی کے علاوہ آپ کے فراتی محاسن میں وہ عقیدت بھی شامل ہے ، جو خلافتِ حقہ اور نظام سلسلہ سے آپ کو ہے، حضرت خلیفتہ المسیح الثانی ایدہ اللہ تعالیٰ کی شفقت اور توجہ کے لئے جاذب آپ کا اخلاص اور روحانی استعداد ہے۔آپ کی زندگی کا بہت بڑا امتیاز یہ ہے کہ آپ نے منازل ترقی کو جلد جلد طے کیا ہے۔آپ نے نسبتا کم عمر میں ترقی کی اتنی بڑی معراج حاصل کی ہے۔ان کا خیال کر کے آئندہ ترقیات کا تصور کر کے ہمارے دل بہت مسرور ہوتے ہیں۔اعلیٰ سیاسیات میں آپ جیسی بے لاگ اور قابل ہستی کا داخل ہونا یقیناً سیاست کی آلودگیوں کو پاک کرنے کا باعث بنے گا۔آپ کی قابلیت اور سیرت کا بہت بڑا حصہ آپ کے والدین سے ورثہ میں ملا ہے۔جو ممتاز صحابہ میں سے ہیں۔ہم اللہ تعالیٰ کے حضور دست بدعا ہیں کہ وہ اپنے مقربین والے انعامات آپ کو عطا کرے۔اپنے فضلوں سے مالا مال کرے، لمبی عمر عطا کرے، اور آپ کے اخلاص ، قابلیت اور جذبہ قربانی میں برکت ڈالے اور آپ کے وجود کو سلسلہ احمدیت اور اسلام کے لئے خصوصاً اور بنی نوع انسان کے لئے عموماً زیادہ سے زیادہ مفید و با برکت بنائے۔آپ نے اس موقعہ پر جماعت کو کچھ نصائح فرما ئیں۔