عربی زبان میں خداداد فصاحت و بلاغت کا عظیم الشان نشان — Page 120
اور اگر چہ بہت ہی تھوڑا کام ہے لیکن میں نے عیسائیوں کو اس کے مقابل بنانے کے لئے دو مہینے کی مہلت دے دی ہے۔آپ کے لئے تو صرف پندرہ دن کی مہلت کافی ہے لیکن اس لحاظ سے کہ آپ بار بار جھگڑا نہ کریں دو مہینے کی مہلت آپ کو بھی دیتا ہوں ایک مہینہ تالیف کے لئے اور ایک مہینہ شائع کرنے اور چھاپنے کے لئے اگر دو مہینے میں چھپ کر شائع نہ ہو جائے تو معاہدہ فسخ ہو گا۔اور الزام گریز آپ پر رہے گا مگر چاہئے کہ یہ کاغذ جانبین اور گواہوں کے دستخط سے کسی اخبار میں شائع ہو جائے۔شرائط جس کی پابندی آپ پر لازم ہوں گی وہ یہ ہیں۔(۱) دونوں حصے نورالحق جس قدر اجزا رکھتے ہیں اسی قدر اجزا آپ کی کتاب کے بھی ضرور ہوں گے۔(۲) جس قدر ہر دو حصے نورالحق میں اشعار ہیں۔اسی قدر آپ کے رسالہ میں بھی اشعار چاہئیں۔ہر گز اختیار نہیں ہو گا کہ اشعار اس سے کم ہوں۔(۳) جو قصیدہ نونیہ ہو اس کے مقابل پر نونیہ و علیٰ ہذا القیاس۔(۴) ہر ایک بحر کے مقابل وہی بحر ہو اور جس طرح ہماری کتاب کا ہر ایک فقرہ فقرہ مقفا ہو اور یا استعارات لطیفہ پر مشتمل ہوں یہ پابندی بھی آپ پر واجب ہو گی۔*120