ذکر حبیب — Page 353
353 بات یہ ہے کہ یہ اصول ایک غریب چھوٹے سے گروہ کے واسطے تھے۔جو غریب یسوع کے پیچھے ہولیا تھا۔یسوع کا کبھی یہ منشاء نہ تھا کہ ایک عالمگیر مذہب دُنیا میں قائم کرے۔لیکن عالمگیر مذہب اور شریعت اللہ تعالیٰ نے اپنی پاک کتاب قرآن شریف میں نازل کی ہے۔جو نبیوں کے خاتم رسولوں کے سرتاج حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوا تھا۔میں اس پاک کتاب کی چند آیتوں کا ترجمہ اس جگہ نقل کرتا ہوں۔جس سے آپ کو اس عالمگیر شریعت کی عظمت اور شان نظر آ جاوے گی۔اول۔ان کو سزا دینا ضروری ہے جو مخلوق کو تکلیف دیں اور زمین میں فساد کریں۔دوم۔تم اپنا صدقہ پوشیدہ بھی دو، اور ظاہر بھی دو۔سوم۔جو کچھ خُدا نے تمہیں دیا ہے اُس میں سے خرچ کرو۔چہارم۔کہہ دو کہ ایک ہی اللہ ہے۔وہ بے احتیاج ہے۔نہ اُس کو کسی نے جنا نہ وہ جنتا ہے اور کوئی اس کی مانند نہیں ہے۔اِن دنوں میں بھی خُدائے قادر مطلق نے پہلے نبیوں کی مانند ایک نبی مبعوث کیا ہے جس کے ہاتھ پر سینکڑوں معجزات دُنیا میں ظاہر ہو چکے ہیں۔وہ ان سب کو رُوحانی زندگی عطاء کرتا ہے۔جو حق جوئی کی نیت سے اس کے پاس آتے ہیں۔میں آپ کو میگزین ریویو آف ریچز کے چند نمبر ایک علیحدہ پیکٹ میں ارسال کرتا ہوں۔جن کا مطالعہ آپ کے اور امریکہ میں آپ کے دوستوں کے لئے موجب برکت ہوگا۔میں ہوں آپ کا خیر خواہ۔محمد صادق قادیان - ۲ جنوری ۱۹۰۳ء