زرّیں ہدایات (جلد سوم برائے طلباء۔1916ء تا 1931ء)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 204 of 362

زرّیں ہدایات (جلد سوم برائے طلباء۔1916ء تا 1931ء) — Page 204

زریں ہدایات (برائے طلباء) 204 جلد سوم ہمارے اور دوسرے بچے ان الفاظ سے غلطی کھا جاتے ہیں۔اور بہت سے ان میں سے رخصتوں سے یہ سمجھ لیتے ہیں کہ جب تعطیل ہو گئی تو اس کے یہ معنے ہیں کہ اب کوئی کام کرنا ہی نہیں۔اور رخصت سے یہ سمجھتے ہیں جو دل کرے کرو بلکہ یہاں تک کہ وہ نماز کی بھی رخصت منا لیتے ہیں۔ایسے لڑکے رخصت صرف اس بات کی نہیں سمجھتے کہ سکول کو چھوڑ کر گھروں کو چلے بلکہ اس کی بھی سمجھتے ہیں کہ جو چاہیں سو کریں۔دنگا فساد کریں، آوارہ پھریں ، لوگوں کو تنگ کریں، ہر ایک کے ساتھ لڑیں جھگڑیں، لیکن تعطیل اور رخصت کے یہ معنے نہیں بلکہ اس کے کچھ اور معنے ہیں۔دیکھو! سکول سے ہر روز تعطیل ہوتی ہے لیکن سکول کے وقت کے بعد جو چھٹی ہوتی ہے اس کے یہ معنے نہیں ہوتے کہ اس کے بعد کوئی کام کرنا نہیں۔بے شک اس چھٹی کے وقت وہ کام تو نہیں کرنا پڑتا جو سکول میں ہوتا ہے لیکن اور کام ہوتا ہے جو اس چھٹی کے وقت کا ہے۔مثلاً کپڑوں کا صاف کرنا ہے، جسم کا صاف کرنا ہے، قوت اور طاقت کی بحالی کے لئے ورزش کرنا ہے، نمازوں کا پڑھنا ہے، دوستوں اور ہمسایوں اور رشتہ داروں کی خدمت کرنا ہے، استاد جو گھر پر کرنے کے لئے کام دے اسے کرنا ہے یہ سارے چھٹی کے کام ہیں جو سکول کے وقت میں نہیں ہو سکتے بلکہ اُس وقت کے ہوتے ہیں جسے بچے چھٹی کہتے ہیں۔اس چھٹی سے مراد مدرسہ سے چھٹی ہے نہ کہ ہر کام سے چھٹی۔ایک طالب علم اگر چھٹی ملنے کے بعد مدرسہ سے گھر جاتا ہے تو گھر جا کر وہ یہ نہیں کہتا کہ مجھے چھٹی ہے اس لئے میں کوئی کام نہیں کرتا۔مثلاً اگر اس کا بھائی بیمار ہے اور اسے کہا جائے کہ اس کے لئے دوائی لے آؤ تو وہ یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں دوائی لانے نہیں جاتا کیونکہ مجھے اس وقت چھٹی ہے۔ایسا ہی اگر باپ اسے کوئی کام بتائے یا ماں اسے کسی جگہ بھیجنا چاہے تو وہ یہ کہ کر کہ مجھے چھٹی ہے اس سے چھٹکارا نہیں پاسکتا۔اسی طرح وہ اس کام سے جو سکول سے اسے گھر پر کرنے کے لئے ملتا ہے یا نماز سے یا دوسرے ایسے ہی کاموں سے جو سکول کے وقت میں نہیں کئے جاسکتے اس حیلہ سے نہیں بچ سکتا۔پس باوجود چھٹی کے وہ کام تو کرے گا لیکن وہی جو چھٹی کے وقت کے کام ہیں۔پس جو بچے رخصتوں پر جاتے ہیں یا درکھیں کہ ان کے ذمہ رخصتوں کے بھی کام ہیں۔کچھ تو