ظہورِ امام مہدی ؑ — Page 55
باب سوم ظہور امام مہدی علیہ السلام کی نشانیاں رسالت مآب سرور کائنات حضرت محمد مصطفے احمد مجتبے صلی اللہ علیہ وسلم نے کمال رحمت سے آنے والے اپنے مہدی کی متعدد علامات یا نشانیاں بھی بیان فرمائی ہیں۔جن پر غور و فکر سے ایک متلاشی حق اصل حقیقت بہ آسانی پاسکتا ہے۔ایک نہایت واضح ، اہم اور روز روشن کی طرح عیاں نشان سورج اور چاند کا مقررہ وقت پر گرہن لگنا ہے۔کسوف و خسوف کا بیان آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: إِنَّ لِمَهْدِينَا ايَتَيْنِ لَمْ تَكُونَا مُنْذُ خَلْقِ السَّمَوتِ وَالْأَرْضِ يَنْكَسِفُ الْقَمَرُ لِأَوَّلِ لَيْلَةٍ مِّنْ رَّمَضَانَ وَ تَنْكَسِفُ الشَّمْسُ فِي النّصفِ مِنْهُ سُنن دار قطنی صفحه ۸۸ ا باب صفة صلوة الخسوف والكسوف وهيئتهما - مطبع فاروقی ، دہلی) کہ ہمارے مہدی کی صداقت کے دو نشان ہیں جو زمین و آسمان کی تخلیق کے دن سے آج تک کسی کے لئے ظاہر نہیں ہوئے۔یعنی ماہ رمضان میں چاند کو ( چاند گرہن کی راتوں سے ) پہلی رات کو اور سورج کو ( سورج گرہن کی تاریخوں میں سے ) درمیانی تاریخ کو گرہن لگے گا۔