ظہورِ امام مہدی ؑ — Page 21
کامیابی پر یقین تام جس شخص کو خدا خود کھڑا کرے اور تازہ بہ تازہ وحی سے اس کو مشرف کرے، ملائکہ اس کے پاس مسلسل آتے ہوں، اُسے کسی لمحہ نا کامی کا خوف و خطر نہیں ہوسکتا۔اسے اپنی اور اپنے مشن کی کامل ومکمل کامیابی پر یقین تام حاصل ہوتا ہے۔حضرت مرزا صاحب علیہ السلام اسی کیفیت میں فرماتے ہیں: دنیا مجھ کو نہیں پہچانی مگر وہ مجھ کو جانتا ہے جس نے مجھے بھیجا ہے۔یہ ان لوگوں کی غلطی اور سراسر بد قسمتی ہے کہ میری تباہی چاہتے ہیں۔میں وہ درخت ہوں جس کو مالک حقیقی نے اپنے ہاتھ سے لگایا ہے۔اے لوگو! تم یقینا سمجھ لو کہ میرے ساتھ وہ ہاتھ ہے جو اخیر وقت تک میرے ساتھ وفا کرے گا۔اگر تمہارے مرد اور تمہاری عورتیں اور تمہارے جوان اور تمہارے بوڑھے اور تمہارے چھوٹے اور تمہارے بڑے سب مل کر میرے ہلاک کرنے کے لئے دعائیں کریں، یہاں تک کہ سجدہ کرتے کرتے تمہارے ناک گھس جائیں اور ہاتھ شل ہو جا ئیں تب بھی خدا ہرگز تمہاری دعا نہیں سنے گا اور نہیں رکے گا جب تک کہ وہ اپنے کام کو پورا نہ کر لے۔پس اپنی جانوں پر ظلم مت کرو۔کا ذبوں کے منہ اور ہوتے ہیں اور صادقوں کے اور۔خدا کسی امر کو فیصلہ کے بغیر نہیں چھوڑتا۔جس طرح خدا نے پہلے مامورین اور منکرین میں ایک دن فیصلہ کر دیا اسی طرح وہ اب بھی فیصلہ کرے گا۔۔۔۔۔۔خدا کے مامورین کے آنے کے بھی ایک موسم ہوتے ہیں اور پھر جانے کے لئے بھی ایک موسم۔پس یقینا سمجھو کہ میں نہ بے موسم آیا ہوں اور نہ بے موسم جاؤں گا۔خدا سے مت لڑو۔یہ تمہارا کام نہیں کہ مجھے تباہ کر دو۔(ضمیمہ تحفہ گولڑویہ صفحہ ۱۳)