حضرت سید ولی اللہ شاہ ؓ — Page 78
حضرت سید ولی اللہ شاہ صاحب 78 خود نوشت حالات زندگی غائب۔ان کے لمبے سجدوں اور طول طویل نماز کو دیکھ کر مجھے تعجب ہوا۔چہرے پر داڑھی تھی میں پہچان نہ سکا۔نماز سے فارغ ہونے پر انہوں نے مجھے خود ہی گلے لگایا اور بتایا کہ وہ وہی مولا بخش بھٹی ہیں جو رعیہ میں ناظر تھے اور جس کی شہرت جیسی تھی سب کو معلوم ہے اور مجھے ان سے معلوم ہوا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کوئی کتاب غالبا براہین احمدیہ ان کو پڑھنے کیلئے والد صاحب نے انہیں دی اور جب وہ رعیہ سے تبدیل ہوئے تو اللہ تعالیٰ نے ان کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ہاتھ پر بیعت کرنے کی توفیق بخشی اور یہ وہ مشہور ( رفیق) ہیں جن کی اولاد ہمارے نہایت مخلص دوست ڈاکٹر شاہ نواز صاحب ہیں جنہوں نے ملازمت کے بعد اپنے آپ کو خدمت دین اور اشاعت ( دین حق کیلئے وقف کیا اور اب بطور ( مبشر ) کام کر رہے ہیں۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے کیا پاک تبدیلی پیدا فرمائی دوسرا واقعہ میرے اپنے مشاہدہ سے تعلق نہیں رکھتا لیکن جس شخص کی زندگی کے متعلق ہے انہوں نے مجھے خود سنایا اور وہ بھی اپنے رزائل زندگی میں ایسے ہی تھے جیسے حضرت چوہدری مولا بخش صاحب بھٹی ( اللہ آپ سے راضی ہو ) ان کا نام چوہدری حاکم علی صاحب ( اللہ آپ سے راضی ہو ) چک نمبر ۹ پنیار تحصیل بھلوال ضلع سرگودھا ہے اور وہ جماعت میں کافی شہرت رکھتے ہیں ہو سکتا ہے ان کی زندگی کے حالات سیرۃ ( رفقاء) حضرت مسیح موعود علیہ السلام میں قلمبند ہوں۔ان کی نماز میں جو کیفیت تھی وہ میں نے خود دیکھی تھی۔کہاں چنگ ور باب میں ان کا قدیم شغف اور کہاں نماز میں ان کا استغراق یہ مقدس انقلاب کوئی معمولی معجزہ نہیں جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ساتھ وابستہ ہونے والوں میں پیدا ہوا۔ایک دو نہیں بلکہ ہم جیسے ہزاروں ہیں جو آیت لِتَكُونُوا شُهَدَاءَ عَلَى النَّاسِ وَيَكُونَ الرَّسُولُ عَلَيْكُمْ شَهِيدًا (سورۃ البقرۃ : ۱۴۴) کے مصداق بنے۔میرا یقین ہے کہ ان میں سے ہر ایک نے الہی صفات کا غیر معمولی مشاہدہ کیا۔کیونکہ اس کے بغیر زندگی میں سچی تبدیلی پیدا نہیں ہوسکتی۔