اسوہء انسانِ کامل

by Other Authors

Page 339 of 705

اسوہء انسانِ کامل — Page 339

اسوہ انسان کامل 339 رسول اللہ کی حب الوطنی صلى الله رسول اللہ ﷺ کی حب الوطنی وطن سے محبت انسان کا ایک طبعی خاصہ ہے۔انسان جہاں پیدا ہوتا ہے، جس ماحول میں آنکھیں کھولتا ہے، جس سرزمین کی مٹی سے کھیلتا ہے اور جس دھرتی سے غذا حاصل کرتا ہے وہ اس کے لئے بمنزلہ ماں کے ہو جاتی ہے اور اس کی محبت انسان کے رگ و ریشہ میں رچ بس جاتی ہے۔جب وطن قومی اور دینی فریضہ بھی ہے۔یہی وجہ ہے کہ دین کی خاطر ترک وطن کرنے اور خدا کی راہ میں ہجرت کا بہت ثواب بیان ہوا ہے۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جو شخص اللہ کی راہ میں وطن چھوڑتا ہے ، وہ زمین میں بہت جگہ اور وسعت پائے گا اور جو شخص اپنے گھر سے اللہ کی خاطر ہجرت کر کے نکلتا ہے پھر اسے موت آجائے تو اس کا اجر اللہ کے ذمہ ہے۔(سورۃ النساء:101) آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے ”حُبُّ الوَطَنِ مِنَ الْإِيمَان “ یعنی وطن کی محبت جزوایمان ہے۔(سخاوی (1) دینی فریضہ ہونے کے اعتبار سے وطن کی محبت انسان پر کچھ ذمہ داریاں بھی عائد کرتی ہے ، جن کا پورا کرنا ہر مومن کا فرض اولین ہے۔حبّ الوطنی کا سچا تصور آج ذاتی مفادات کی دنیا میں یہ قدریں بدل چکی ہیں۔حب الوطنی کے نام پر رنگ ونسل اور قوم و ملک کی غیرت وحمیت کو ہوا دی جاتی ہے۔اس مقدس نام پر کمزوروں کے حقوق پامال کر لئے جاتے ہیں۔اپنے وطن کی محبت کے مقابل پر غیروں اور ان کے وطن سے نفرت کی جاتی ہے۔انہیں اپنے وطن سے محبت کا حق نہیں دیا جاتا۔قوموں اور ملکوں میں مخصوص مفادات کی خاطر ترجیح وتفریق کا یہ رویہ آج کے مادیت زدہ دور کی پیدا وار تو ہوسکتی ہے۔دین محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ اس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔قرآنی تعلیم کا صحیح اور سچا نمونہ ہمارے لئے حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔آپ کی سیرت پر نظر ڈالیں تو حب الوطنی کے دینی مفہوم میں وسعت نظر آنے لگتی ہے جس کی بنیاد اس اصول پر ہے کہ بانی اسلام حضرت محمد مصطفی تمام عالم کیلئے رحمت ہیں۔آپ آفاقی نبی ہیں اور ساری زمین آپ کا وطن ہے۔آپ کی ہی یہ خصوصیت ہے کہ تمام روئے زمین آپ کے لئے پاک اور سجدہ گاہ بننے کے لائق قرار دی گئی ہے۔اس لئے آپ روئے زمین کے ہر خطہ اور اس کے انسانوں سے بلا امتیاز رنگ و نسل محبت کرنے والے تھے۔آپ نے ہی قومی تفریق مٹانے کا یہ سبق دیا کہ سب انسان برابر ہیں اور رنگ ونسل یا عصبیت کی بناء پرکسی کو کسی پر کوئی فضیلت حاصل نہیں۔