عالمی بحران اور امن کی راہ

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 103 of 264

عالمی بحران اور امن کی راہ — Page 103

کیا مسلمان مغربی معاشرہ میں ضم ہو سکتے ہیں؟ بسم اللہ الرحمن الرحیم مہمانانِ گرامی ! السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔سب سے پہلے میں آپ تمام دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے اس تقریب میں شمولیت کے لیے ہماری دعوت کو شرف قبولیت بخشا آپ میں سے اکثر ہماری جماعت سے اچھی طرح آگاہ ہیں یا ان کے جماعت احمدیہ مسلمہ سے رفاقت کے پرانے بندھن ہیں اور مجھے یقین ہے کہ جو حال ہی میں جماعت احمدیہ سے متعارف ہوئے ہیں ان کے دلوں میں بھی یہ خواہش شدت سے پیدا ہوئی ہے کہ وہ ہماری جماعت کے بارہ میں اور زیادہ آگہی حاصل کریں۔آپ سب کی یہاں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ کو یقین ہے کہ احمدی مسلمانوں سے ملنے ، رابطہ رکھنے اور ان کی مساجد میں آنے سے آپ کو کوئی خطرہ یا اندیشہ نہیں ہے۔یہ سچ ہے کہ آج کی فضا میں جہاں اکثر خبریں اور رپورٹیں اسلام کے بارہ میں شدید منفی ہیں۔وہ جو آپ میں غیر مسلم ہیں انہیں اس بات پر تشویش ہو سکتی ہے کہ کسی احمد یہ مسجد میں جانا آپ کے لیے مشکلات اور نقصان کا باعث نہ ہو۔تا ہم جیسا میں نے کہا ہے حقیقت یہ ہے کہ آپ کی اس تقریب میں شمولیت اس بات کا بین ثبوت ہے کہ آپ کو احمدی مسلمانوں سے کوئی خوف نہیں اور نہ ہی ان سے کوئی خطرہ محسوس کرتے ہیں۔اس سے صاف ظاہر ہے کہ آپ احمدیوں کی قدر کرتے ہیں اور آپ کو یقین ہے کہ وہ آپ کی طرح اور آپ لوگوں کی اکثریت کی طرح مخلص اور شریف لوگ ہیں۔یہ کہتے ہوئے میں اس بات کو خارج از امکان نہیں کہتا کہ آپ میں معدودے چند لوگ باوجود یہاں آنے کے اپنے دلوں میں تحفظات اور خدشات رکھتے ہیں یا انہیں اس تقریب میں شمولیت کے منفی نتائج کا اندیشہ ہے۔یہ ممکن ہے کہ آپ فکر مند ہوں کہ آپ ان لوگوں کے ہمراہ بیٹھے ہیں جو شدت پسندانہ رجحانات کے حامل ہیں۔اگر آپ میں سے کسی کو یہ اندیشہ ہے تو وہ فوراً انہیں دل سے نکال دے۔ہم اس حوالہ سے بہت محتاط ہیں۔