توہینِ رسالت کی سزا قتل نہیں ہے — Page 177
توہین رسالت کی سزا { 177 } قتل نہیں ہے کیونکر رسول اللہ صلی الی یم کی طرف منسوب ہوں۔چنانچہ کتاب کے مندرجات اور استدلالات کو ہدف جواب بنایا گیا ہے۔"الصارم المسلول۔۔۔۔اور اسی نوع کی دیگر کتب جن میں توہین رسالت کے نعرے کی آڑ میں قتل و غارت اور کشت و خون کی تعلیم دی گئی ہے ، ایک خاص مکتبہ فکر کی ترجمان ہیں۔ان کتابوں کی پذیرائی کرنے والے وہ لوگ ہیں جو مذہب میں جبر و تشدد اور قتل و غارت گری کے علمبر دار ہیں جبکہ دیگر مسلمان ان نظریات سے متفق نہیں بلکہ شدت سے ان کے مخالف ہیں۔ایسی کتابیں تعلیمات قرآنیہ و سنت نبویہ کی رحیمانہ تعلیمات سے کلیہ مخالف و متصادم ہیں۔اسی وجہ سے ان کے مندرجات، ان میں پیش کردہ روایات اور ان سے کئے گئے استدلالات عام علمی معیار سے گرے ہوئے ہیں۔اسی طرح ان میں یہ ستم بھی بکثرت موجود ہیں کہ روایات اخذ کرتے وقت ان کے استناد کے سلسلے میں کوئی تحقیق نہیں کی گئی۔نیز یہ حقیقت بھی ثابت شدہ ہے کہ وہ روایات جن پر شاتم رسول کے قتل کے عقیدے کی بنیاد رکھی گئی ہے ، ان کے سوتے گدلے ہیں۔اگر کوئی روایت صحیح اور مستند ہے تو اس کے استدلالات کو خونی نظریات سے آلودہ کر دیا گیا ہے۔اس باب میں ایسی ہی حقیقتوں کو پیش کیا جارہا ہے۔یہاں قارئین کی خدمت میں یہ بھی عرض ہے کہ اس باب میں مندرج نظائر کتاب ”الصارم المسلول“ کے صرف پہلے جزو سے بطور نمونہ چند لئے گئے ہیں۔ورنہ یہ کتاب ایسی نظیر وں کا طومار ہے اور اس پر تنقید سینکڑوں صفحات کی متقاضی ہے۔