تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ہفتم۔ 1985 تا 1987) — Page 88
اقتباس از خطبه جمعه فرموده 12 جولائی 1985ء تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔جلد ہفتم پریس میں دیئے جانے کے لائق ہو گیا ہے۔Italian ترجمہ بھی خدا کے فضل سے مکمل مل گیا ہے۔اور Introduction کا ترجمہ بھی مل گیا ہے۔Italian زبان میں اسلامی اصول کی فلاسفی کا ترجمہ بھی مل گیا ہے۔اب ان دوزبانوں میں نہایت ہی پیش قیمت اضافہ ہوگا۔بلکہ قیمت کے لفظوں میں تو اس کو ادا ہی نہیں کیا جا سکتا۔قرآن کریم کا کسی زبان میں شائع کیا جانا اور پھر ان معارف کے ساتھ ، جو اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کو قرآن کے معارف عطا فرمائے، اس زمانے کی بہت بڑی خدمت ہے تو جماعت احمدیہ کو توفیق مل رہی ہے۔اور اس کے لئے چندے کی ضرورت نہیں۔کیونکہ پہلے سے ہی ایسے مخلصین ہیں، ان معاملات میں اپنی سیٹیں بک کروالی ہیں۔پیشتر اس کے کہ میں اس بارہ میں تحریک کرتا، انہوں نے کہا ، جی ہمیں موقع دیں، ہم اپنی طرف سے اس کا سارا خرچ برداشت کرنے کے لئے تیار ہیں۔میں نے کہا: ٹھیک ہے، اللہ تعالی آپ کو توفیق عطا فرمائے۔چنانچہ فرانسیسی اور اٹالین اور رشین زبان میں قرآن کریم کے جو تراجم شائع ہوں گے، ان کے تمام اخراجات خدا تعالیٰ کے فضل سے جماعت کے چند مخلصین پہلے سے ہی ادا کر چکے ہیں یا وعدہ کئے بیٹھے ہیں کہ جب بھی ہم مانگیں گے، وہ دے دیں گے۔اس کے علاوہ جو دوسرا لٹریچر شائع ہونے والا ہے، وہ بھی بڑی کثرت سے ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی کتب کے علاوہ تفسیر کبیر ہے اور سلسلہ کا اور بہت سالٹر بچر ہے، اس کو مختلف زبانوں میں ہم نے شائع کرنا ہے۔لیکن سب سے بڑی دقت اردو میں نوری نستعلیق خط کی کتابت کی دقت ہے۔اس وقت ہمیں جس تیزی کے ساتھ تمام دنیا میں لٹریچر پھیلانے کے لئے جو بے قراری ہے، اس کے مقابل پر کا تب لکھنے میں بہت سا وقت لے لیتا ہے اور اب صحت کتابت کا معیار بھی گر گیا ہے۔اس لئے غلطیاں بھی اتنی کرتا ہے۔پہلے اس کی کتابت ختم ہونے کا انتظار، پھر اس کی مرمتیں لگوائی جائیں اور پھر بھی وہ ٹھیک نہ لکھے تو پھر دوبارہ بھیجا جائے۔اتنا وقت ضائع ہو جاتا ہے اس سے۔پھر بھی بعض دفعہ ایسی خوفناک غلطیاں رہ جاتی ہیں۔بہت تکلیف دہ صورت حال ہے۔چنانچہ ہم نے یہاں انگلستان میں جائزہ لیا تو پتہ چلا کہ دنیا میں کمپیوٹر کی ایک ایسی کمپنی موجود ہے، جس نے اردو نستعلیق نوری خط کا ٹائپ رائٹر تیار کر لیا ہے اور وہ ایک ایسا Computerised ٹائپ رائٹر ہے، جو نہایت ہی اعلیٰ پیمانے پر کتابت کر سکتا ہے۔آپ تھوڑی سی زائد رقم دیں تو ہر زبان اس پر اس طرح ٹائپ ہو سکتی ہے، جس طرح پریس کے لئے Compose کیا جاتا ہے۔اور بڑے سے بڑے لفظوں میں بھی اور چھوٹے سے چھوٹے لفظوں میں بھی تمام Computerised ہے۔88