تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ہفتم۔ 1985 تا 1987)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 820 of 935

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ہفتم۔ 1985 تا 1987) — Page 820

اقتباس از خطبه جمعه فرموده 06 نومبر 1987ء تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔جلد ہفتم تعلق رکھنے والے جماعت کا لٹریچر پڑھ رہے ہیں۔جماعت کی مجالس میں شامل ہوتے ہیں اور جب بلایا جاتا ہے تو وہ شوق سے حاضر ہوتے ہیں۔لیکن اگر آپ غور سے دیکھیں تو وہ چند کام کرنے والے ہیں اور اکثر آدمی ابھی بھی کام نہیں کر رہے۔لیکن جماعت کے چہرے پر رونق آگئی۔دور سے دیکھنے والا یہی سمجھتا ہے کہ وہ جماعت غیر معمولی طور پر فعال ہو گئی ہے۔لیکن جس زمیندار نے دیکھنا ہے اپنی کھیتی کو ، وہ اس نظر سے نہیں دیکھا کرتا۔اگر اس نظر سے وہ بھی دیکھے تو اس کی کھیتی ترقی نہیں کر سکتی۔اس کا زمیندارہ نشو و نما نہیں پاسکتا۔زمیندار کو اور نظر سے دیکھنا پڑتا ہے۔وہ یہ دیکھتا ہے کہ کھیت کا کتنا حصہ خالی پڑا ہے۔کتنے حصے نے محنت کا اور جواب نہیں دیا۔اور وہ بعض حصوں کی روئیدگی سے خوش ہو کر مطمئن نہیں ہوا کرتا۔بلکہ جو کمز ور حصے ہیں، ان کی طرف دیکھ کر اور فکر مند ہوتا ہے۔جب تک وہ شامل نہ ہو جائیں، وہ اطمینان نہیں پاتا لیکن بعض امراء یہ سمجھتے ہیں کہ اگر ر پورٹوں میں بعض لوگوں کے زیادہ کام کو دکھا دیا جائے تو میں مطمئن ہو جاؤں گا۔وہ سمجھتے ہیں کہ کہہ دیا جائے، دیکھیں شکاگو کی جماعت ماشاء اللہ کیسا اچھا کام کر رہی ہے۔واقعی اچھا کام کر رہی ہے لیکن چند کام کر رہے ہیں۔اس بات کو وہ مجھ سے چھپا نہیں سکتے۔جب میں دورہ کرتا ہوں، ملتا ہوں لوگوں سے تو خدا تعالیٰ مجھے ساتھ دکھا دیتا ہے کہ کون لوگ ہیں؟ کتنا کام کر رہے ہیں؟ اور ساری جماعت اس محنت میں شامل ہے یا چند لوگوں کی محنت باقی جماعت کھا رہی ہے۔پھر اسی طرح بعض شہروں میں کوئی کام نہیں ہو رہا لیکن سارے ملک کی مجموعی محنت کے نتیجے میں خدا تعالیٰ جو فضل نازل فرما رہا ہے ، بعض امراء وہی دکھاتے ہیں۔حالانکہ ان کو یہ دکھانا چاہئے کہ میرے ملک میں کتنے حصے ابھی تک سوئے پڑے ہیں؟ کتنی کھیتیاں ہیں، جو بیکار پڑی ہیں؟ اور ان کے لئے میں کیا کر رہا ہوں ؟ ان کے لئے میری مجلس عاملہ کیا کر رہی ہے؟ اور میرے ساتھی کس طرح توجہ کر رہے ہیں؟ اس طرف سے نظر ہٹا کر چند لوگوں کی محنت پر خوش ہو جاتے ہیں۔ان کی محنت پر خوش ہونا تو ضروری ہے لیکن ان کی خاطر ، ان کی محنت کے نتیجے میں دوسروں سے خوش ہونے کا کیا مطلب؟ یعنی جنہوں نے کام کیا ہے، ان کی محنت پر تو بہر حال خوش ہونا ہے۔لیکن ان کی محنت کو باقی سب پر تقسیم کر کے سب سے برابر خوش ہو جانا ، یہ کوئی معقول بات نہیں۔اس لئے ان کی طرف خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔لیکن بہر حال میں نے دیکھا ہے کہ جہاں بڑی رونق دکھائی دیتی ہے تبلیغ کے لحاظ سے ان لوگوں میں بھی جب قریب سے جا کر آپ مطالعہ کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ ابھی تک جماعت کا اکثر حصہ فعال نہیں ہے۔بہت چند گنتی کے لوگ ہیں، ہر جماعت میں جو محنت کر رہے ہیں اور ان کے پھل کو اس ساری جماعت کی طرف منسوب کیا جاتا ہے۔اور ساری جماعت پھر فخر کرتی ہے کہ ہاں ہم نے یہ کام کیا ہے۔حالانکہ چند ہیں، جو کام کرنے والے ہیں۔820