تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ہفتم۔ 1985 تا 1987)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 413 of 935

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ہفتم۔ 1985 تا 1987) — Page 413

تحریک جدید - ایک الہی تحریک جلد ہی خطبہ جمعہ فرموده 10 اکتوبر 1986ء اسلام کے مستقبل کے لئے کینیڈا ایک بہت ہی اہم کردار ادا کر سکتا ہے خطبہ جمعہ فرمودہ 10 اکتوبر 1986ء تشہد وتعوذ اور سورۂ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے فرمایا:۔د گزشتہ تین جمعوں کے ناغہ کے بعد یعنی ان معنوں میں ناغہ کہ مجھے گزشتہ تین جمعے انگلستان میں پڑھنے کی توفیق نہیں ملی بلکہ اس کی بجائے یہ تین جمعے کینیڈا کے سفر میں پیش آئے۔پس اس ناغہ کے بعد آج میں تقریباً اکیس (21) دن کے بعد دوبارہ یہاں جمعہ کے لئے حاضر ہوا ہوں۔اگر چہ اس عرصہ میں انگلستان سے دوری کا احساس رہا۔اور کئی وجوہات کے علاوہ ایک بڑی وجہ یہ بھی تھی کہ جس طرح یہاں با قاعدگی سے ڈاک ملتی ہے اور ساری دنیا کی جماعتوں سے رابطہ رہتا ہے، اس طرح کینیڈا میں یا اور دیگر ممالک میں رابطے کی ایسی سہولت اور ایسی باقاعدگی نہیں۔اور خصوصاً اس سفر میں تو ایک لمبے عرصہ کے بعد مجھے یہاں آکر گزشتہ ڈاک دیکھنے کا موقع ملا ہے۔اس لحاظ سے اول تو میں سب خط لکھنے والوں سے معذرت خواہ ہوں کہ اس اکیس دن کے عرصہ میں جو ڈاک کی طرف توجہ میں کمی آئی ہے، اس کے کچھ اثرات لازماً مختلف صورتوں میں ظاہر ہوں گے۔مثلاً بعض دوستوں نے بعض اہم اور فوری کاموں کی طرف متوجہ کیا تھا، کچھ احباب نے اپنے بچوں کے ناموں کے لئے لکھا تھا، کچھ نے بعض اہم مشورے طلب کئے تھے۔غرضیکہ بہت سے متفرق کام تھے، جن کے لئے وہ میرے جواب کے منتظر ہوں گے۔اس لئے اب جہاں تک ممکن ہے انشاء اللہ کوشش کر کے اس سابقہ ڈاک کو نکالوں گا اور کچھ تاخیر سے اگر جواب جائیں تو میں سب احباب سے اس کے لئے معذرت خواہ ہوں۔دوسرے اس کے علاوہ جماعتی خبروں سے جو کچھ تعلق کٹ جاتا رہا ہے، اگر چہ ہم جہاں بھی ہوتے تھے، اہم خبریں ٹیلیفون کے ذریعہ سے ملتی رہتی تھیں مگر ٹیلیفون کا رابطہ اور نوعیت کا ہوتا ہے، باقاعدہ تفصیلی رپورٹوں کا ملنا ایک اور بات ہے۔اس کی وجہ سے بھی ایک محرومی اور بنیادی طور پر ہلکا سا کٹ جانے کا احساس رہا۔پھر جس کثرت سے مختلف دنیا سے احباب یہاں تشریف لاتے ہیں، وہ رابطہ بھی کینیڈا جیسے دور دراز ملک میں ممکن نہیں۔لیکن اس کے علاوہ جہاں تک جماعت کینیڈا کے دورے کا تعلق ہے، یہ دورہ اپنی ذات میں نہایت ہی ضروری تھا۔اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس کے نتیجہ میں انشاء اللہ آئندہ جماعت کی ترقی کے بہت سے سامان پیدا ہوں گے۔413