تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ہفتم۔ 1985 تا 1987)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 196 of 935

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ہفتم۔ 1985 تا 1987) — Page 196

خطبہ جمعہ فرمودہ 27 ستمبر 1985ء تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔جلد ہفتم زبانوں میں جہاں پہلے لٹریچر موجود نہیں تھا، وہاں کچھ لٹریچر تیار ہو چکا ہے، کچھ ہو رہا ہے، انشاء اللہ اور بھی ہوگا۔روسی زبان میں قرآن کریم اب آخری مکمل صورت میں پریس میں جا رہا ہے۔اور جو ساتھ چھوٹا سا منسلکه تعارفی لٹریچر ہے، وہ بھی تیار ہو رہا ہے۔اس لئے میں جماعت کو بار بار توجہ دلاتا ہوں کہ اب آپ کا یہ عذر خدا کے حضور قابل قبول نہیں رہے گا کہ ہمیں زبانیں نہیں آتی تھیں، ہمیں علم نہیں تھا۔نہ زیادہ زبانوں کی ضرورت ہے، نہ زیادہ علم کی ضرورت ہے۔ضرورت ہے تقویٰ کی دعا کی لگن کی۔ایک جذبہ ہو اور انسان اپنا مقصد بنالے۔دھن کی طرح اس کے سر پر یہ سوار ہو جائے کہ جس طرح بھی ہو، میں نے روحانی طور پر اللہ تعالیٰ سے اولا د لے کر چھوڑنی ہے۔چنانچہ جرمنی کے دورے میں، میں نے دیکھا ہے کہ جن لوگوں نے مجھے خاص طور پر دعا کے لئے لکھا تھا، بعض لوگ اتنا پریشان تھے کہ وہ کہتے تھے کہ ہمیں تو ایک مرض لگ گیا ہے کہ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ ہم بیعت کروائیں گے اور کوئی بیعت نہیں ہوسکی، وہ دعا کے لئے لکھ رہے تھے۔جس طرح بعض دفعہ ماؤں کی گود میں ، جو اولاد سے مایوس ہو چکی ہیں، بچہ دیکھ کر روحانی طور پر بڑی مسرت ہوتی ہیں، اس طرح ان کی گودوں کو خدا نے بھر دیا اور ان کو روحانی بچے عطا فرمائے گئے۔ایک نوجوان نے مجھے لکھا کہ میں نے آپ کو خط لکھا تھا کہ میرے وعدے کے پورا ہونے کا آخری دن آ رہا ہے اور اب تک کوئی احمدی نہیں ہوا۔ایسا میں بے قرار تھا، میں نے بڑے درد سے چٹھی لکھی کہ میرے پاس چند گھنٹے باقی ہیں، میں کیا کروں اور کوئی پیش نہیں جارہی؟ کہتے ہیں خط کے دو، تین گھنٹے بعد میرا ایک غیر احمدی بھائی، جو کسی طرح مانا ہی نہیں کرتا تھا، پہنچ گیا اور اس کے ساتھ مجلس لگی اور اسی رات دوسرا دن چڑھنے سے پہلے پہلے اس نے بیعت کر لی۔اللہ کے فرشتے اس کو گھیر کے لائے تھے۔اللہ کے فرشتوں نے دلوں میں تبدیلی پیدا کی۔جماعت کو تو خدا تعالیٰ صرف ایک بہانہ عطا فرما دیتا ہے کہ گویا ہم نے بھی ہاتھ لگایا ہے۔اپنی خدمت کی کچھ سعادت نصیب ہو جائے۔ورنہ یہ خدا کے فرشتے ہیں، انہوں نے بہر حال کام کرنا ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی تحریرات سے پتہ چلتا ہے کہ جب وقت آتا ہے تو خدا کے فرشتے خود روحوں کو سعادتوں کی طرف ہانکتے ہوئے لے آتے ہیں۔اس لئے آپ کو پہلے سے بڑھ کر توجہ کرنی چاہئے اور دعا کے ساتھ توجہ کرنی چاہئے۔ہر احمدی اپنے آپ کو ایک ایسی ماں کی طرح محسوس کرے، جس کی گود اللہ تعالیٰ کے فضلوں سے خالی ہے اور بے قرار ہو جائے کہ کاش مجھے بھی روحانی اولا د عطا ہو۔پھر دیکھیں کہ کس تیزی کے ساتھ خدا تعالیٰ ہر طرف وسعتیں عطا فرمائے گا۔196