تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ششم۔ 1982 تا 1984) — Page 694
اقتباس از خطاب فرموده 22 اکتوبر 1983ء 3۔5 تحریک جدید - ایک الہی تحریک جلد ششم ہمیں تمام دنیا میں بہت بڑے کام کرنے ہیں اور اس کے لئے جیسا کہ میں نے بیان کیا تھا، میرے نزدیک سب سے اہم چیز تعلق باللہ والی عورتوں کا پیدا ہونا ہے۔اس کام کو آپ بچپن سے شروع کریں کیونکہ یہ کام وقت لیتا ہے۔یہ تو نہیں ہوا کرتا کہ ایک ہی لمحہ میں آپ تعلق باللہ والی عورتیں بن جائیں۔آپ فیصلہ تو کر لیں گی لیکن پھر وقت لگے گا اور اللہ تعالیٰ حسب حالات آپ سے رحمت کا سلوک فرمائے گا، آپ کے قریب ہوگا، آپ پر ظاہر ہوگا۔لیکن اللہ تعالیٰ ہر شخص پر اس کے ظرف کے مطابق ظاہر ہوتا ہے۔یہ خیال نہ کریں کہ فوراً آپ پر الہامات شروع ہو جائیں گے اور جب تک اللہ تعالیٰ آپ کو اچانک یہ کہنا نہ شروع کر دے کہ میں تیرے ساتھ ہوں، آپ کی تسلی نہ ہو۔خدا تعالیٰ کا تعلق دل میں پیدا ہوتا ہے اور دل میں ہی اطمینان پیدا کرتا چلا جاتا ہے۔جس کا تعلق اپنے رب سے ہو جائے ، وہ محسوس کرنے لگ جاتا ہے یا محسوس کرنے لگ جاتی ہے۔اور دونوں صورتوں میں مرد ہو یا عورت ، دن بدن اپنے دل میں ایک امن کا احساس اور امن کا ایک جذبہ محسوس کرتا ہے، جسے الفاظ میں بیان کرنے میں، میں مشکل پا رہا ہوں۔وہ اپنے دل میں ایک یقین محسوس کرتا ہے کہ میں اپنے رب کے قریب ہوتا جارہا ہوں اور وہ یقین دن بدن بڑھتا چلا جاتا ہے“۔اس لئے اس بات کا بھی خیال کریں کہ خدا سے محبت میں آپ جتنا آگے بڑھیں گے، اتنا ہی زیادہ آپ کو عجز میں بھی آگے بڑھنا پڑے گا۔اور دونوں میں دراصل چولی دامن کا ساتھ ہے۔ہماری زندگیاں محدود ہیں اور ذمہ داریاں بہت وسیع ہیں۔میں تو سفر کے دوران بھی حیران رہا اور سفر کے بعد بھی میرے دل میں اور زیادہ یقین پیدا ہو گیا کہ ہماری ساری بھی اجتماعی قوتیں اس قابل نہیں ہیں کہ وہ انقلاب پیدا کرسکیں ، جس انقلاب کے لئے ہمیں پیدا کیا گیا ہے۔سوائے اس کے کوئی چارہ نہیں ہے۔بے اختیاری کا عالم ہے۔جب تک ہم خدا سے تعلق کرنے والوں کی تعداد میں ہم اضافہ نہیں کرتے ، ہم دنیا میں یہ انقلاب بر پا نہیں کر سکیں گے۔اس لئے میں آپ کو بار بار کہتا ہوں کہ مجھے عورتوں میں سے بھی ضرورت ہے، خدا والیوں کی، مجھے بچوں میں سے بھی ضرورت ہے، خدا والوں کی، مجھے نوجوانوں میں سے بھی ضرورت ہے، بوڑھوں میں سے بھی ضرورت ہے۔یہی وہ سرمایہ ہے، جس کے ساتھ آج اسلام نے دنیا میں ترقی کرنی ہے۔یہی وہ ہتھیار ہیں، جنہوں نے دنیا کے دل جیتنے ہیں اور دنیا میں انقلاب برپا کرنے ہیں۔خدا کرے کہ ہمیں یہ توفیق نصیب ہو۔(آمین)۔( مطبوعہ روزنامہ الفضل 10 جنوری 1984ء، مطبوعہ ماہنامہ مصباح دسمبر 1983ء) 694