تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد پنجم ۔ 1974ء تا 1982ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 862 of 1040

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد پنجم ۔ 1974ء تا 1982ء) — Page 862

خطاب فرمودہ 23 اکتوبر 1981ء تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔۔۔جلد پنجم ان کی خواہش تھی کہ اگر پھر میرا اتفاق ہو، وہاں جانے کا تو اتنی بڑی جگہ ہے کہ ہمارا قافلہ بھی وہاں ٹھہر سکتا ہے۔اور تین لاکھ، پچاس ہزار ڈالرکو وہ جگہ مل رہی تھی۔تو خط پڑھ کے یہ احساس ہوتا تھا کہ اب انہوں نے ستر ہزار سے چھلانگ ماری تین لاکھ، پچاس ہزار پر۔لیکن آگے لکھا کہ رقم کی ہمیں اس لئے فکر نہیں کہ وہ جو ستر ہزار ڈالر کا مکان لیا تھا ، وہ چار لاکھ بیس ہزار ڈالر میں بک جائے گا۔اور فرق قیمت خرید اور قیمت فروخت کا ٹھیک ستر ہزار ہے۔میرے ذہن میں آیا کہ ہمارے خدا نے پیار سے کہا، یہ پکڑو، اپنی رقم ستر ہزار اور ساری کی ساری تین لاکھ، پچاس ہزار کا میں انتظام کر دوں گا۔اور انتظام کر دیا۔اس وقت گفت و شنید ہو رہی تھی ، اجازت لے رہے تھے وہ۔اب ان کی تار مجھے مل گئی ہے کہ اس کا معاہدہ Sign ہو چکا ہے۔دستخط ہو گئے ہیں۔اور تین لاکھ تمہیں ہزار میں وہ چالیس ایکڑ زمین اور بہت بڑا مکان مل گیا۔اب آپ یہ سوچیں، دنیا ہم پر اعتراض کرتی اور ہمیں طعنے دیتی ہے کہ یہ جو تم اپنے پیسے خرچ کر دیتے ہو، یہ ضرور کوئی دنیوی طاقت اور ایجنسی اور Source of سرمایہ ہے، جو تمہیں رقم دیتا ہے۔اب یہاں تو یہ ہوا کہ جو پیسے ہم نے لگائے ہوئے تھے ، وہ بھی اللہ تعالیٰ نے واپس کر دئیے۔اور کہا، ایک پیسہ جماعت کا نہیں لگنے دوں گا، سارے کے سارے کا میں نے انتظام کر دیا ہے۔اب قیمت کا بڑھانا تو ہمارے اختیار میں نہیں تھا۔میں ہنسا کرتا ہوں، ایسے لوگوں سے بات کرتے ہوئے کہ تم یہ سمجھتے ہو کہ اسرائیل ہمیں پیسے دے سکتا ہے (جو نہیں دیتا) یا امریکہ ہمیں پیسے دے سکتا ہے، جن سے ہم نہیں لیتے یا پچھلے سال یہ لطیفہ ہوا کہ ایک جوڑا یعنی میاں بیوی پھر رہے تھے ، قرطبہ کی مسجد میں۔جب ان کو پتہ لگا کہ ہم نے سنگ بنیادرکھا، قرطبہ کے قریب تو بڑے آرام اور معصومیت سے میاں کہنے لگا کہ اچھا! پتہ لگ گیا تم نے سعودی عرب سے پیسے لئے ہوں گے۔ان لوگوں کے خیال میں اگر کوئی ہستی پیسے نہیں دے سکتی تو وہ اللہ ہے، جو ساری دنیا کے خزانوں کا مالک ہے، ہمارا پیارا رب۔الله اکبر اللہ اکبر (نعرے) اس ایک سال میں خدا تعالیٰ نے پیار کیا تو یہ جو نو سال کا وقفہ ہے، دوسری صدی شروع ہونے میں، اس کی تو برکتوں کے ساتھ ابتداء ہوگئی۔پندرھویں صدی ہجری جو ہے، وہ بھی غلبہ اسلام کی صدی جو ہماری زندگی کی دوسری صدی، وہ بھی غلبہ اسلام کی صدی۔نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی دعاؤں کی برکتیں لئے اصلی اور حقیقی پندرھویں صدی ہجری شروع ہوگئی۔اس زندگی کے ساتھ ، جماعت کے قیام کے ساتھ تعلق رکھنے والی دوسری صدی آٹھ سال بعد شروع ہورہی ہے۔بڑی اہمیت ہے، ان نو سالوں میں۔862