تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد پنجم ۔ 1974ء تا 1982ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 169 of 1040

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد پنجم ۔ 1974ء تا 1982ء) — Page 169

تحریک جدید- ایک البی تحریک۔۔۔جلد پنجم ارشاد فرموده 31 مارچ 1974ء ہمیں ایک منٹ بھی ضائع نہیں کرنا ہوگا۔اور اسی طرح آواز اٹھانی پڑے گی ، جس طرح مکہ کے میدان میں اٹھائی گئی تھی اور اللہ تعالیٰ کو پسند آ گئی تھی۔کیا میں نے اعلان نہیں کیا کہ جارحانہ تبلیغ کرو۔میں نے اپنے خطبہ میں کہا ہے کہ بے دھڑک ہو کر تبلیغ کرو۔اب میں یہی کہوں گا کہ ہمیں کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔جو پیش گوئیاں ہیں ، مثلاً یہ پیشگوئی که عرب فوج در فوج احمدیت میں داخل ہوں گے، یہ ان کے سامنے رکھی جائے کہ تم چاہے جو مرضی کر لو، اس پیش گوئی کو نہیں ٹال سکتے۔خالی یہی ایک بہت بڑی تبلیغ ہے۔اور جو آپ کا اپنا یقین ہے کہ خواہ کچھ ہو جائے دنیا کی ساری طاقتیں مل کر بھی خدا تعالیٰ کے وعدوں کو نہیں ٹال سکتیں۔وعدے تو انشاء اللہ پورے ہو کر رہیں گے۔اس سے ایک تو آپ بشاشت سے قربانی دیں گے کیونکہ آپ کو یقین ہوگا کہ ایسا ضرور ہو کر رہے گا۔دوسرا یہ کہ اس کا دشمن پر بڑا اچھا اثر ہو گا۔جو اس وقت دشمن ہے۔ہم تو کسی کے دشمن نہیں، جو شخص خود کو ہمارا دشمن سمجھتا ہے، اس پر بھی اس کا اچھا اثر پڑے گا۔مثلاً اشتراکیوں سے آپ بات کریں اور کہیں ٹھیک ہے، ساری دنیا پر تم حاوی ہو گئے ہو۔تمہاری ایک بہت بڑی طاقت ہے اور تم امریکہ کے ساتھ ٹکر لینے کے لئے تیار ہواور ساری دنیا کو بانٹ رہے ہو، لیکن ہم تمہیں بتاتے ہیں کہ ایک دن آئے گا کہ وہاں ریت کے ذروں کی طرح احمدی ہوں گے۔یہ ہمارا یقین ہے۔ایک دفعہ میں نے ایک روسی کمیونسٹ سے بات کی اور بتایا کہ اشتراکیت کے پاس وہ حسن اور احسان نہیں ہے، جو اسلام کے پاس ہے۔بعض قرائن سے مجھے یہ پتہ لگا کہ انہوں نے اس بات کی مرکز کور پورٹ کی اور اس کا جائزہ لیا گیا اور ان اعتراضوں کا ، جو میں نے کئے تھے، اتنا وزن سمجھا گیا کہ دو مہینے کے بعد ان کے انگریزی کے پروگراموں میں جواب آنے لگ پڑے۔رپورٹ مجلس مشاورت منعقد 29 تا 31 مارچ 1974ء ) 169