تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد پنجم ۔ 1974ء تا 1982ء) — Page 106
خطبہ جمعہ فرمودہ 17 مئی 1974ء تحریک جدید - ایک الہبی تحریک۔۔۔جلد پنجم اور اس کے جھنڈے تلے جمع ہو کر اپنی ہر چیز کو قربان کر دیں گے۔اور دنیا میں اسلام کو غالب کرنے کی مہم میں اسلام کے سب فرقے ایک ہو جائیں گے۔پس یہ وہ عظیم بشارتیں ہیں، جو ہمیں دی گئی ہیں۔یہ بشارتیں بتاتی ہیں کہ بڑی عظیم ذمہ داریاں ہیں، جن کو ہم نے اٹھانا ہے۔ان عظیم ذمہ داریوں کو نبھانے کے لئے اور بشاشت کے ساتھ خدا تعالیٰ کے حضور قربانیاں پیش کرنے کے لئے جتنی عظیم ذمہ داریاں ہیں، ان سے کہیں زیادہ عظمت ان بشارتوں کی ہے، جو اس کے مقابلے میں ہمیں دی گئی ہیں۔اس لئے اس تمہید کے بعد جو بات میں کہنا چاہتا ہوں اور جسے آپ کے ذہن میں بٹھانا چاہتا ہوں اور جس کے لئے میں آپ کی روح کو جھنجھوڑنا چاہتا ہوں، وہ یہ ہے کہ انسان کمزور ہے ، وہ اپنی طاقت سے کچھ نہیں کر سکتا۔اس لئے میں دوستوں کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ دعائیں کریں اور بہت دعائیں کریں۔ہر وقت دعاؤں میں مشغول رہیں۔جماعت کے بڑے بھی اور چھوٹے بھی ، مرد بھی اور عورتیں بھی اور بچے بھی اور بچیاں بھی سب دعاؤں کی عادت ڈالیں۔اور خدا سے یہ دعا کریں کہ اے خدا! تو نے ہمیں اتنی عظیم بشارتیں دی ہیں، ان بشارتوں کو دیکھ کر ہم یہ سمجھتے ہیں اور ہمارا ذ ہن اور ہماری عقل اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ اسی کے مقابلے میں اور اسی نسبت سے ہم پر ذمہ داریاں ڈالی گئی ہیں۔لیکن اے خدا! ہم تیرے عاجز بندے ہیں، تیری مدد کے محتاج ہیں۔اگر تیری نصرت ہمیں حاصل نہ ہو تو ہم ان ذمہ داریوں کو نباہ نہیں سکتے اور ان بشارتوں کے وارث نہیں بن سکتے۔اس لئے اے ہمارے خدا! آسمانوں پر اپنی رحمت کے دروازوں کو کھول اور فرشتوں کو ہماری مدد کے لئے نازل فرما۔ہمیں طاقت عطا فرما کہ ہم بشاشت کے ساتھ ان ذمہ داریوں کو نباہتے ہوئے تیری بشارتوں کے وارث بن جائیں۔پس دوست بہت دعائیں کریں۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو دعائیں کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ان عظیم بشارتوں کا وارث بنے کی توفیق بخشے۔خدا کرے کہ ہماری زندگیوں میں ہمارے یہ بھٹکے ہوئے راہی، جنہوں نے امت مسلمہ میں ہوتے ہوئے بھی مہدی کو شناخت نہیں کیا، اللہ تعالیٰ انہیں مہدی اور مسیح موعود علیہ السلام کو شناخت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔تا کہ وہ بھی ہم میں شامل ہو کر اس عظیم مقصد کے حصول کے لئے جدو جہد کرنے والے بن جائیں کہ ساری دنیا میں اسلام کو غالب کرنا ہے۔اس کے لئے کوشش کرنی ہے، اس کے لئے تدابیر کرنی ہیں، اس کے لئے دعائیں کرنی ہیں اور اللہ تعالیٰ کی رحمت سے اس میں کامیاب ہونا ہے۔(انشاء اللہ تعالی )۔( مطبوعه روزنامه الفضل 29 مئی 1974 ء ) 106