تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد سوم۔ 1948 تا 1964) — Page 734
پیغام فرمودہ 28 دسمبر 1963ء تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔۔جلد سوم وعدہ کرتے ہیں، وہ وقت کے اندر اپنے وعدوں کو پورا کرنے کی کوششیں نہیں کرتے۔حالانکہ اشاعت اسلام کا کام کسی ایک نسل کے ساتھ وابستہ نہیں بلکہ قیامت تک اس نے جاری رہنا ہے۔پس اپنے اندر صحیح معرفت پیدا کرو اور اپنی آئندہ نسلوں کو اسلام کا بہادر سپاہی بنانے کی کوشش کرو۔اور اس نکتہ کو بھی مت بھولو کہ قربانی اپنا پھل تو ضرور لاتی ہے مگر یہ ضروری نہیں کہ ہر قربانی کا پھل قربانی کرنے والا ہی کھائے۔جو شخص یہ چاہتا ہے کہ ساری قربانیوں کا پھل وہ خود ہی کھائے ، اس سے زیادہ نادان اور کوئی نہیں ہوسکتا۔حضرت ابراہیم علیہ السلام نے خدا تعالیٰ کے حکم کے ماتحت اپنے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو ایک وادی غیر ذی زرع میں رکھا۔مگر اس کا پھل ایک مدت دراز کے بعد محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شکل میں ظاہر ہوا اور دنیا اس پھل کو دیکھ کر حیران رہ گئی۔پھر تم کیوں یہ خیال کرتے ہو کہ تمہاری قربانیوں کا بدلہ تمہیں آج ہی ملنا چاہیے؟ اگر تمہاری نسل کسی وقت بھی تمہاری قربانیوں سے فائدہ اٹھالے تو حقیقتا تمہاری قربانیوں کا پھل تمہیں مل گیا۔پس اپنے ذہنوں میں جلا اور اپنے فکر میں بلندی پیدا کرو اور قربانیوں کے میدان میں ہمیشہ آگے کی طرف قدم بڑھاؤ۔اگر تم ایسا کرو گے تو خدا تعالیٰ اپنی تائیدات سے تمہیں اس طرح نوازے گا کہ تم دنیا کے میدان میں ایک فٹ بال کی حیثیت نہیں رکھو گے۔بلکہ تم اس برگزیدہ انسان کاظل بن جاؤ گے ، جس کے متعلق آسمانی نوشتوں میں یہ کہا گیا تھا کہ وہ کونے کا پتھر ہو گا۔جس پر وہ گرے گا ، وہ بھی چکنا چور ہوگا اور جو اس پر آگرا، وہ بھی چکنا چور ہو گا۔میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کے مردوں اور ان کی عورتوں اور ان کے بچوں اور ان کے بوڑھوں کو اپنے فرائض کے ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور انہیں اپنے فضل سے وہ طاقت بخشے، جس سے وہ اسلام کو تمام ادیان باطلہ پر غالب کر دیں۔اے خدا!! تو ایسا ہی کر۔آمین یارب العالمین۔خاکسار مرز امحمود احمد خليفة المسيح الثاني 28/12/63 ( مطبوعه روزنامه الفضل 02 جنوری 1964ء) 734