تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد سوم۔ 1948 تا 1964) — Page 623
تحریک جدید - ایک الہی تحریک جلد سوم خطبہ جمعہ فرمودہ 06 جولائی 1956ء اللہ تعالیٰ اپنے زندہ ہونے کا ثبوت دیتا چلا آیا ہے اور دیتا چلا جائے گا خطبہ جمعہ فرمودہ 06 جولائی 1956ء سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔میں نے پچھلے خطبہ میں بیان کیا تھا کہ ہمارا خدا اپنے زندہ ہونے کے ثبوت دیتا چلا جاتا ہے۔چنانچہ اس ہفتہ بھی برابر اس کی تائید میں خطوط آتے رہے۔ایک تو پھر اس غیر ملک سے ، جس کا میں نے پچھلے خطبہ میں ذکر کیا تھا، خط آیا ہے کہ ہم ایک اور احمدی کے پاس گئے اور اس نے پریس کے لئے سو پونڈ دے دیا۔اس طرح اور لوگ بھی چندہ دے رہے ہیں، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ پریس کا معاملہ اب جلدی سلجھ جائے گا۔اسی طرح پاکستان سے بھی غیر ملکی مشنوں کے متعلق امدادی خطوط آتے رہے۔ایک خط باہر سے آیا ہے، جس میں ایک دوست نے اطلاع دی ہے کہ انہوں نے پانچ سو پونڈ غیر ملکی مشنوں کی امداد کے لئے بنک میں جمع کرا دیئے ہیں۔گویا اس وقت تک بیرون ملکوں سے قریب بارہ سو پونڈ تک بیرونی مشنوں کے لئے آچکا ہے۔اور اطلاعیں آرہی ہیں کہ دوست کوشش کر رہے ہیں کہ اس فنڈ کو مضبوط کر کے سال بھر کے اخراجات پورے کر دیں۔پس اللہ تعالیٰ خود ہی اپنے سلسلہ کا حافظ ہوتا ہے اور جہاں سے بظاہر کوئی امداد کی امید نہیں ہوتی ، وہیں سے اللہ تعالٰی امداد کی صورت پیدا کر دیتا ہے۔مثلاً یہی اطلاع ملنے پر کہ بیرونی مشنوں کا روپیہ خرچ ہو چکا ہے، اب تک کوئی ساڑھے گیارہ سو پونڈ باہر کی جماعتوں نے جمع کئے ہیں۔اور کچھ پاکستان کی جماعتوں نے بھی دیا ہے۔اس کے معنی یہ ہیں کہ قریباً سولہ ہزار روپیہ چند دنوں میں جمع ہو گیا ہے۔آج کل پونڈ کی قیمت تیرہ روپے سے اوپر ہے۔پس ایک ہزار پونڈ کے معنی کم سے کم سوا تیرہ ہزار روپیہ کے ہیں۔اور ڈیڑھ سو پونڈ ، جو اس سے اوپر ہے، اس کا کوئی دو ہزار روپیہ بن جاتا ہے۔پھر کچھ رقوم پاکستانی جماعتوں کی طرف سے بھی خزانہ میں آئی ہیں۔مگر وہ اسی وقت استعمال ہوسکیں گی، جب گورنمنٹ ان کے بدلہ میں ہمیں پونڈ دے گی۔بہر حال ایک رقم تو جمع ہوگئی ہے، جس سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔پس اللہ تعالیٰ اپنے زندہ ہونے کا ثبوت ہمیشہ دیتا چلا آیا ہے اور قیامت تک دیتا چلا جائے گا۔اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا ، جب تک ہماری جماعت میں مخلصوں کا گر وہ موجود رہے گا۔623