تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد سوم۔ 1948 تا 1964) — Page 427
تحریک جدید - ایک الہی تحر - جلد سوم خطبہ جمعہ فرمودہ 03 دسمبر 1954ء اگر تم قومی لحاظ سے جوان رہنا چاہتے ہو تو ہر روز اپنی قربانی بڑھانی پڑے گی خطبہ جمعہ فرمودہ 03 دسمبر 1954ء سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔میں نے گزشتہ جمعہ تحریک جدید کے نئے سال کے متعلق اعلان کیا تھا۔چونکہ وعدوں کی آخری تاریخیں مجھے یاد نہیں تھیں، اس لئے میں نے اعلان کیا تھا کہ وعدوں کی آخری تاریخیں پچھلے سال کی تاریخوں کے مطابق ہوں گی اور بعد میں شائع کر دی جائیں گی۔لیکن افسوس ہے کہ محکمہ متعلقہ نے اس کی اہمیت کو نہ سمجھا۔نہ اس نے خطبہ نویس کو تاریخیں لکھوائیں اور نہ بعد میں اخبار میں اعلان کرایا۔مومن کو اپنے کاموں میں ہوشیار ہونا چاہئے اور اپنے فرائض کی ادائیگی میں جلدی اور احتیاط سے کام کرنا چاہیئے۔احتیاط اس لئے کہ اگر ہم اپنے اندازے میں غلطی کر جائیں اور کام کے بعض پہلو ترک کر دیں تو ہمیں صحیح نتیجہ کی امید نہیں ہو سکتی اور جلدی اس لئے کہ یہ زمانہ جلدی کرنے کا ہے، دنیا دوڑ رہی ہے۔جب تک ہم دنیا کے ساتھ ایسی رفتار کے ساتھ نہ دوڑیں کہ ہماری رفتار اس سے تیز ہو، اس وقت تک ہمیں کسی اچھے نتیجہ کی امید نہیں ہوسکتی۔اب میں اعلان کرتا ہوں کہ مغربی پاکستان کے لئے آخری تاریخ وعدے بھجوانے کی 23 فروری ہوگی اور مشرقی پاکستان کے لئے آخری تاریخ 31 مارچ ہوگی۔اور بیرونی ممالک، جہاں کی مقامی احمد یہ آبادی ہندوستانی یا پاکستانی ہے، ان کی آخری تاریخ 30 اپریل اور باقی بیرونی ممالک کے لئے 30 جون۔میں نے گزشتہ جمعہ یہ اعلان تو کر دیا تھا کہ نئے سال میں احباب تحریک جدید کی طرف زیادہ توجہ کریں اور پہلے سالوں سے بڑھ چڑھ کر وعدے لکھوائیں۔لیکن دو باتیں ایسی ہیں ، جن کی طرف میں آج جماعت کو توجہ دلانا چاہتا ہوں۔ان میں سے ایک بات یہ ہے کہ اگر ہم نے اپنے مقصد میں کامیاب ہونا ہے تو ہمارے کام نے ہر سال بڑھنا ہے۔اور دوسری بات یہ ہے کہ اگر ہم نے اپنے گزشتہ ارادوں، امیدوں اور پروگراموں کو پورا نہ کیا تو آئندہ ان کے پورا کرنے کی امید کم ہی کی جاسکتی ہے۔سب سے پہلے میں اس بات کو لیتا ہوں کہ ہمیں اپنے بڑھنے کا خیال رکھنا چاہئے۔اور یہ بات کبھی نظر انداز نہیں کرنی چاہئے کہ جو کام ہم نے شروع کیا ہے، اگر یہ ترقی کی طرف مائل ہے تو لاز مادہ بڑھے گا۔اگر 427