تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد سوم۔ 1948 تا 1964)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 425 of 802

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد سوم۔ 1948 تا 1964) — Page 425

تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔۔جلد سوم ، خطبہ جمعہ فرمودہ 26 نومبر 1954ء میں پھیلا ئیں۔اور ہم لٹریچر زیادہ تعداد میں اس وقت تک شائع نہیں کر سکتے ، جب تک کہ ہمارے پاس ماہر مصنفین نہ ہوں اور پھر اعلیٰ زبان دان مترجم نہ ہوں اور جرمن فرانسیسی ، انگریزی ، اٹالین، سپینش ، جاپانی، چینی اور دوسری زبانوں کے جاننے والے موجود نہ ہوں۔اور اس کے لئے ہمیں نیا عملہ تیار کرنا پڑے گا ، جو ان زبانوں کا ماہر ہو۔اور اس پر کافی روپیہ اور وقت لگے گا۔پھر مصنفین کے لئے ہر قسم کے علوم کی کتب کی ضرورت ہوگی، جن سے وہ اپنی کتب میں مدد لیں۔اس کے لئے میں کئی سال سے لائبریری میں کتابیں مہیا کر رہا ہوں اور دوسرے لوگوں کو بھی ہدایت کی ہوئی ہے کہ انہیں جو اچھی کتاب ملے ، اس کے متعلق ہمیں تحریر کریں کہ ہم اسے لائبریری کے لئے خرید لیں۔یہ لائن آف ایکشن ہے، جو ہم نے قائم کی ہے۔پہلے مبلغ جائیں گے اور وہ ایک اثر قائم کر دیں گے، پھر لٹریچر کی باری آئے اور اس لٹریچر کے تیار کرنے کے لئے دو طرح کے آدمی درکار ہیں، اول ، وہ جو لکھنا جانتے ہوں ، دوسرے، وہ جو مختلف زبانیں جانتے ہوں۔تا کہ ان میں کتب کا ترجمہ کریں۔کیونکہ ضروری نہیں کہ ہر زبان جاننے والا اچھا لکھ بھی سکتا ہو۔پھر ان کے لئے اسلام اور غیر مذاہب کی کتب کی ضرورت ہوگی، جن کا کئی سال سے ذخیرہ جمع کیا جارہا ہے۔یہ لائن آف ایکشن تھی، جو میرے ذہن میں تھی۔پہلا دور ختم ہو گیا ہے، دوسرا دور شروع ہے۔اگر اس وقت تم ہمت نہیں کرو گے تو پہلا کام بھی بے کار جائے گا۔اور اگر ہمت کرو گے تو مبلغ مسلح ہو کر باہر جائیں گے، ان کے ساتھ قرآنی تفسیر کے ذخائر ہوں گے، جن سے قلوب کو فتح کیا جاسکتا ہے۔اور اس میں کیا شبہ ہے کہ قرآنی گولہ بارود کے سامنے کوئی قلعہ نہیں ٹھہر سکتا۔ہمارا کام ہے کہ ہم یہ گولہ بارود مبلغین تک پہنچائیں اور تمہارا کام ہے کہ تم اس میں مدد دو۔اگر تم اس وقت قربانی کرو گے اور سستیاں دور کر دو گے تو تم ہمیں اس قابل بنا دو گے کہ ہم مبلغین کو سامان کثرت سے دیں تا تبلیغ کا دائرہ وسیع کیا جا سکے۔( مطبوعه روزنامه الفضل یکم دسمبر 1954 ء ) 425